ہندوستان میں اب تک انیس کروڑ پچاس لاکھ سے زائد کورونا ٹیکے لگائے گئے
بھارت نے ٹیکہ کاری کی اپنی مہم میں ایک اور سنگ میل حاصل کیا ہے۔ ملک میں اب تک 19 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ کووڈ19- ویکسین لگائے جا چکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق 18 سے 44سال تک کی عمر کے لگ بھگ ایک کروڑ افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔
وزارت کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کے دوران پچھلے 24گھنٹے میں 16 لاکھ سے زیادہ کووڈ سے بچاؤکے ٹیکے لگائے گئے۔ پچھلے 24 گھنٹے میں 18 سے 44 سال تک کی عمر کے لگ بھگ 6 لاکھ 82 ہزار افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا۔
بہار، راجستھان اور اترپردیش میں 18 سے 44سال تک کی عمر کے 10لاکھ سے زیادہ لوگوں کو کووڈ سے بچاؤکا پہلا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔
ملک میں اب تک تقریباً 15 کروڑ 20 لاکھ افراد کو کووڈ سے بچاؤ کا پہلا ٹیکہ لگایا گیا ہے جب کہ لگ بھگ4کروڑ 30لاکھ افراد نے دوسرا ٹیکہ بھی لگوا لیا ہے۔ مرکزی سرکار اعلیٰ ترین سطح پر ٹیکہ کاری پروگرام کی نگرانی کر رہی ہے اور اس کا جائزہ لیتی رہی ہے۔