Urdu News

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے راجستھان میں چار ضلع میڈیکل کالجوں کا سنگِ بنیاد رکھا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی

 

نئی دلّی ،30 ستمبر / وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا ، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت ، صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جناب منسکھ مانڈویا اور کیمیکل اور فرٹیلائزر کی وزیر  مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار کی موجودگی میں چار ضلع میڈیکل کالجوں کا سنگِ بنیاد رکھا  اور راجستھان کے جے پور میں سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی ( سی آئی پی ای ٹی ) کا افتتاح کیا ۔ یہ چاروں میڈیکل کالج سروہی ، ہنومان گڑھ ، بانسواڑہ اور ڈوسا میں خدمات انجام دیں گے ۔

 

 

          وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ، اُن کے تجربے نے ملک میں صحت کے سیکٹر میں مختلف سسٹم کی وجہ سے ہونے والی خامیوں کے بارے میں کافی مدد کی ہے ۔  انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک قومی طریقۂ کار پر کام کیا اور ملک کے صحت کے سیکٹر کو یکسر تبدیل کرنے کے لئے ایک قومی صحت پالیسی اپنائی ۔ سووچھ بھارت ابھیان سے لے کر آیوشمان بھارت اور اب آیوشمان بھارت ڈجیٹل مشن  جیسی کوششیں اِس طریقۂ کار حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3.5 لاکھ لوگوں نے راجستھان میں  2500 صحت اور تندرستی کے مراکز کے ذریعے آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت مفت علاج حاصل کیا  ۔

          وزیر اعظم نے ، اِس بات کو اجاگر کیا کہ حکومتِ ہند ایمس  کے نیٹ ورک میں توسیع کرکے 6 سے 22 کرنے کے ساتھ امنگوں والے اضلاع میں میڈیکل کالجوں اور سُپر اسپیشلٹی اسپتالوں کو بہتر بناکر حفظانِ صحت میں علاقائی عدم توازن کو دور کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے ۔ پچھلے 6 – 7 برسوں میں 170 نئے میڈیکل کالج قائم کئے گئے ہیں اور 100 سےز یادہ نئے میڈیکل کالجوں کے لئے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔ 2014 ء میں ملک میں میڈیکل انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی کل سیٹیں تقریباً 82000 تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج  ، اِن کی تعداد بڑھ کر 140000 ہو گئی ہے ۔ راجستھان میں 2000 کے قریب انڈر گریجویٹ اور 1000 سے کم پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سیٹیں تھیں ، جو اب بڑھ کر بالترتیب 4000 اور 2100 ہو گئی ہیں ۔  قومی میڈیکل کمیشن  نے طبی تعلیم  میں عدم معقولیت کو ختم کیا ہے ۔

          وزیر اعظم نے مفت ویکسین ، سب کے لئے ویکسین مہم کی کامیابی کو بھی اجاگرکیا ۔ بھارت میں  88 کروڑ سے زیادہ ویکسین کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں اور راجستھان میں 5 کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔

          وزیر  اعظم نے اِس بات کا ذکر کیا کہ پیٹرو کیمیکل انڈسٹری جیسی تیزی سے فروغ پانے والی صنعتوں کے لئے ہنر مند افرادی قوت کی  ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا سی آئی پی ای ٹی : انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل  ٹیکنا لوجی لاکھوں نو جوانوں کو نئے امکانات سے مربوط کرے گا ۔ انہوں نے ، اِس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ بیت الخلاء ، بجلی اور گیس کنکشن کی دستیابی سے رہن سہن میں آسانی پیدا ہوئی ہے ۔

          جناب منسکھ مانڈویا نے  ، اِس تاریخی تقریب  پر تشکر کا اظہار کیا کہ اور کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی پہلے ایڈمنسٹریٹر ہیں ، جنہوں نے صحت کو ترقی سے جوڑا ہے ۔  ایسے میں ، جب کہ وہ 7 اکتوبر کو  عوامی خدمت کے 20 سال مکمل کر رہے ہیں ، اُن کی حفظانِ صحت میں کامیابیوں پر نظر کرنی چاہیئے ، جو سب کا ساتھ – سب کا وِکاس کے ساتھ فروغ پا رہی ہے ۔ گجرات میں مکھیہ منتری امروتم یوجنا نے تقریباً 2 لاکھ افراد کو پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج فراہم کیا ہے ، جب کہ چرنجیوی یوجنا نے ماں بننے والی خواتین کو ، اُن کی زچگی کے لئے پرائیویٹ سہولیات استعمال کرنے کے قابل بنایا ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت  سے 2 کروڑ سے زیادہ فیض یافتگان 5 لاکھ روپئے تک کا علاج حاصل کر رہے ہیں ، جس سے مہاجر ورکروں کو ، اُن کی ریاست کے باہر بھی فیض حاصل ہو رہا ہے ۔

          انہوں نے راجستھان کے ایم ایس ایم ای سیکٹر کے لئے سی آئی پی ای ٹی  ، جے پور کی اہمیت کو اجاگر کیا ، جو  ہنر مند لیبر کو روز گار فراہم کرنے کے علاوہ ادارے – صنعت کے رابطے کو مستحکم کرے گا ۔ یہ ادارے ایسی تحقیق پر کام کریں گے ، جس سے صنعتوں کو مدد ملے گی اور اُن کی کوالٹی کنٹرول کی ٹسٹنگ کی سہولیات کو استعمال کیا جا سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس طرح کے 42 ادارے ہیں ۔ ’’ تعلیم صنعتوں کو قائم کرتی ہے ‘‘ کے اصول پر کام کرتے ہوئے ایک  لاکھ سے زیادہ طلباء کو ایسے اداروں میں سالانہ مختلف شعبوں میں تربیت حاصل ہو رہی ہے ۔ 95 فی صد پلیسمنٹ نے ایسے طلباء کی ملازمتوں  کو یقینی بنایا ہے ۔

          جناب اوم برلا نے 4 اضلاع میں ، جو بنیادی طور پر قبائلی اور غیر ترقی یافتہ ہیں ، میڈیکل کالجوں کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد سستی طبی تعلیم اور اچھے معیار کی حفظانِ صحت خدمات سے فائدہ حاصل کریں گے ۔ انہوں نے جے پور میں سی آئی پی ای ٹی – آئی پی ٹی کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ’’ آتم نربھر بھارت ‘‘ کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وزیر اعظم کے نئے بھارت کے ویژن کو پورا کرنے میں تعاون کرے گا ۔

          جناب اشوک گہلوت نے سی آئی پی ای ٹی – آئی پی ٹی اور راجستھان کے سروہی ، ہنومان گڑھ ، بانسواڑہ اور دوسا میں قائم ہونے والے چار میڈیکل کالجوں کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے ریاست کے ہر ضلعے میں ، خاص طور پر پسماندہ اور قبائلی اضلاع میں  میڈیکل کالج قائم کرنے میں  مدد کی درخواست کی اور  اِس بات کو اجاگر کیا کہ پچھلے 10 برسوں میں ملک میں  طبی تعلیم میں توسیع ہو رہی ہے ۔

Recommended