Urdu News

ادیب وقلم کار ودارالعلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصرکا انتقال پر ملال

مولانا نسیم اختر شاہ قیصر

مولانا کے سانحہ ٔ ارتحال سے علمی وادبی حلقے سوگوار

امام العصرحضرت مولانا علامہ انو ر شاہ کشمیریؒ کے پوتے اور معروف قلمکار مولانا سید اظہر شاہ قیصر کے صاحبزادے دارالعلوم  وقف دیوبند کے استاذ وادیب مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کا حرکت قلب بند ہوجانے سے اچانک انتقال ہوگیا۔

جیسے ہی ان کی انتقال کی خبر عام ہوئی علمی،دینی وادبی اور صحافتی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور لوگ ایک دوسرے سے بذریعہ فون اس کی تصدیق کرتے ہوئے نظر آئے۔مولانا نسیم اختر شاہ کے انتقال کو ادبی دنیا کا بڑا خسارہ قرار دیا جارہا ہے۔

 انتقال کی اطلاع ملتے ہی دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف سمیت جامعہ امام محمد انور شاہ اور دیگر دینی اداروں کے اساتذہ وذمہ داران کا تانتا ان کی رہائش گاہ پر لگ گیا۔

اطلاع ملتے ہی دارالعلوم وقف کے مہتمم مولانامحمد سفیان قاسمی،نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی،شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی،دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری،معروف عالم دین مولانا ندیم الواجدی سمیت شہر کی سیاسی وسماجی شخصیات،عصری تعلیمی اداروں کے اساتذہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی رہائش گاہ محلہ خانقاہ پہنچ کر مولانا کی وفات پر اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔

مرحوم مولانا نسیم اختر شاہ قیصر ادبی دنیا میں اپنی ایک الگ شناخت رکھتے تھے،ان کا دنیا سے رخصت ہوجانے علمی دینی وادبی حلقوں کا بڑا نقصان تصور کیا جارہا ہے۔

مرحوم کی نماز جنازہ رات 11بجے جامعہ امام محمد انور شاہ میں اداکی جائے گی اور تدفین انوریہ قبرستان میں عمل میں آئے گی۔اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے۔اعلیٰ علین میں جگہ عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

Recommended