Urdu News

ذائقہ باورچی خانہ :قسط نمبر ایک

جودھپور کے کچھ مشہور اورلذیذ پکوان

ڈاکٹر مہوش نور

ذائقہ باورچی خانہ آپ کے لیے لے کر آیا ہے جودھپور کے کچھ مشہور اورلذیذ پکوان جس کا نام سنتے ہی آپ کے منہ میں پانی آجائے گا۔

آپ نے جودھ پور کے چٹپٹےاورلذیذ پکوان کے بارے میں تو سنا ہوگا۔ لیکن آج ہم آپ کو کچھ ایسی ہی کھانوں کے بارے میں بتائیں گے،جسے آپ گھر پر بنا کر اپنے بچوں کو کھلا سکتی ہیں۔تو آئیے اس مضمون میں جانتے ہیں جودھپور کے وہ کون کون سے مشہور اور لذیذ پکوان ہیں۔

جودھ پور۔۔۔۔راجستھان کے سب سے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اوردوسرا سب سےبڑا شہر ہے۔ یہ تو  ہم سبھی کو معلوم ہی  ہوگا کہ جودھ پور تاریخی طور پر مارواڑ سلطنت کا دارالحکومت تھا۔جودھ پور نہ صرف اپنی خوبصورتی کے لیے جانا جاتا ہے بلکہ لذیذ کھانوں کے لیے بھی مشہور ہے۔ جودھ پور کے کھانے نہ صرف راجستھانی لوگوں کے لیے بلکہ ہندوستانی لوگوں کےبھی پسندیدہ ہیں۔

ویسے اس ریاست کو ‘بلیو سٹی’ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جس کی اپنی سنہری تاریخ اور فن تعمیر ہے۔ جو نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی مشہور ہے۔لیکن کچھ پکوان ایسے بھی ہیں جن کے نام بہت منفرد ہیں اور انہیں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ تو آئیے جانتے ہیں جودھ پور کے چند اہم پکوانوں کے بارے میں۔۔۔

گلاب جامن کی سبزی

گلاب جامن کسے پسند نہیں ہے بھلا چاشنی میں ڈوبے  گرما گرم گلاب جامن اگر مل جائےتو دن ہی بن جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ کو بتایا جائے کہ نمکین گلاب جامن ہے اور وہ بھی سبزی… تو آپ کا ردعمل کیسا ہوگا؟آپ اسے چکھنا چاہیں گے۔۔۔شاید نہیں، لیکن ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ گلاب جامن کی سبزی بڑے شوق سے کھائی جاتی ہے اور جودھ پور میں بہت مشہور ہے۔ اسے گلاب جامن اور سالن کی مدد سے بنایا جاتا ہے۔

مکھنیا لسی

مکھنیا لسی جودھپور کے اسٹریٹ فوڈ کی فہرست میں سرفہرست ہے، جسے آپ ٹرائی کر سکتے ہیں۔ یہ اس شہر کے بہت سے لذیذ پکوانوں میں سے ایک ہے۔ یہ زعفران، الائچی، گلاب پانی، چھاچھ وغیرہ جیسی بہت سی چیزوں سے تیار کیا جاتا ہے۔اس لسی کے اوپر سے آئس کریم اور برف کے ساتھ ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کیا جاتا ہے۔ جب بھی آپ جودھ پور جانے کا ارادہ کریں تو یہاں کی مشہور مکھنیا لسی ضرور آزمائیں۔

کیر سانگری کی سبزی

آپ نے جودھپور کے روایتی کھانے دال، باٹی، چورما کے نام تو سنے ہوں گے لیکن کیر سانگری سبزی کا نام سنا ہے۔اگر نہیں تو آپ کو بتاتے چلیں کہ کیر سانگری راجستھان کی ایک مشہور ڈش ہے جسے مسالہ اور تیل ڈال کر بنایا جاتا ہے۔ آپ کو بتادیں  کہ کیر چھوٹے چھوٹے گول گول ہوتے ہیں۔

یہ دو چار انچ پتلے اور لمبے ہوتے ہیں،یہ پیڑ صرف راجستھان میں ہی پایا جاتا ہے۔اگر آپ بھی کھانے کے شوقین ہیں تو یقیناً کیر کی سبزی کو ضرور ٹرائی کرنا چاہیے۔

دہی چاٹ

دہی چاٹ بھی جودھ پور کے خاص سبزی پکوانوں میں سرفہرست ہے۔ اگر آپ کچھ چٹ پٹا اور ہلکا پھلکا کھانے کے موڈ میں ہی تو آپ دہی سے بنا چاٹ ٹرائی کر سکتے ہیں۔اسے آٹا ،ابلے ہوئے مٹر اور آلو سے بنایا جاتا ہے۔ساتھ ہی اس میں دہی،چاٹ مسالہ،چٹنی ،کٹا ہوا پیاز  اور دھنیا و دیگر چیزوں کا بھی فلیور دیا جاتا ہے۔

جودھپور کی اس مشہور چاٹ کو آپ گھر پر بھی آسانی سے بنا سکتے ہیں۔آپ کی جانکاری کے لیے بتا دیں کہ دہی چاٹ دلی میں بھی کافی مشہور ہے۔

Recommended