Urdu News

مرکز نے گیارہ ریاستوں کے وزراصحت کے ساتھ کووڈ انیس کی صورت حال کا جائزہ لیا

(@drharshvardhan)

مرکز نے گیارہ ریاستوں کے وزراصحت کے ساتھ کووڈ انیس کی صورت حال کا جائزہ لیا

وزیر صحت ہرش وردھن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گیارہ ریاستوں کے وزراصحت کے ساتھ میٹنگ میں کووڈ انیس کی صورت حال اور ملک میں بڑھتے ہوئے معاملات سے نمٹنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اِن ریاستوں میں مہاراشٹر ، ہریانہ ، دلی ، پنجاب ، چھتیس گڑھ، کرناٹک، گجرات اور جھارکھنڈ شامل ہیں، جہاں کووڈ کے معاملات میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ 

ڈاکٹر ہرش وردھن نے ریاستوں کو یقین دلایا کہ مرکز ویکسین اسٹاک لگاتار دستیاب کراتا رہے گا ۔ انہوں نے ریاستوں پر زور دیا ہے کہ متعلقہ ترجیحی گروپ کے افراد کو مشنMode میں ٹیکہ لگایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ریاستی سرکار یہ شکایت نہیں کرسکتی کہ ویکسین کی قلت کی وجہ سے وہ متعلقہ افراد کو ٹیکہ نہیں لگا سکی۔ 

میٹنگ کے دوران ڈاکٹر ہرش وردھن نے کووڈ کے معاملات میں اضافے کو بلدیاتی اداروں کے انتخابات ، بڑے ایجی ٹیشنس اور پروگرام نیز شادی کی تقریبات سے منسوب کیا اور کہا کہ اِن موقعوں پر کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کو نظر انداز کیا گیا۔

وزیر صحت نے کہا کہ کووڈ کے مجموعی معاملات کے 54 فیصد اِن گیارہ ریاستوں کے ہیں اور اِن ریاستوں سے ہی 65 فیصد اموات کی اطلاع مل رہی ہے جبکہ مہاراشٹر اور پنجاب میں بہت زیادہ اموات ہورہی ہیں۔ 

ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ ملک میں آٹھ کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور پچھلے 24 گھنٹوں میں 43 لاکھ سے زیادہ ٹیکے لگائے گئے جو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

Recommended