Urdu News

ملک میں کورونا وائرس سے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں گراوٹ جاری

@MoHFW_INDIA

ملک میں کورونا وائرس سے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں گراوٹ جاری

صحت کی مرکزی وزارت نے کہا ہے کہ گزشتہ 20 دن سے بھارت میں کووڈ-19 کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جب کہ اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے صحت کی وزارت میں جوائنٹ سکریٹری لَواگروال نے کہا کہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 17 اعشاریہ ایک تین فیصد کی سطح سے کم ہوکر 11 اعشاریہ ایک دو فیصد پر آگئی ہے اور شفایابی کی شرح بہتر ہوکر 87 اعشاریہ سات چھ فیصد ہوگئی ہے جب کہ 3 مئی کو شفایابی کی شرح 81 اعشاریہ سات فیصد تھی۔انھوں نے کہا کہ اب تک دو کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد اس بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

صحت کی وزارت نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک بھر میں دو لاکھ 57 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ جناب اگروال نے کہا کہ گزشتہ 9 دن سے صحت یاب ہونے والے کیسوں کی تعداد، درحقیقت زیر علاج مریضوں سے زیادہ ہی درج کی جارہی ہے جو کہ ایک بہت ہی مثبت رجحان ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ملک میں ایسی 22 ریاستیں ہیں جہاں یومیہ سامنے آنے والے کیسوں سے صحت یاب ہوجانے والے کیسوں کی تعداد زیادہ ہے۔جناب اگروال نے کہا کہ بنیادی سطح پر بیماری پر قابو پانے کی مسلسل کوششوں کی بدولت طبی جانچ کے بعد وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ فنگل کے علاج کی دواAmphotericin-B کی سپلائی اور دستیابی میں اضافہ کرنے کی غرض سے اقدامات کئے گئے ہیں اور ملک میں مزید پانچ مینوفیکچررس کو اس دوا کو تیار کرنے کے لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔

Recommended