Urdu News

ملک میں کووڈ19 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح مزید بِہتر

@COVIDNewsByMIB

ٹھیک ہونے کی شرح 93 اعشاریہ چھ سات فیصد تک پہنچ گئی ہے

ملک کووڈ صحت یابی کے راستے پر مضبوطی کے ساتھ لگاتار آگے بڑھ رہا ہے۔ زیر علاج مریضوں کی تعداد رفتہ رفتہ کم ہورہی ہے۔ آج لگاتار دسواں دِن ہے کہ جب نئے معاملات دو لاکھ سے بہت کم ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں ایک لاکھ نواسی ہزار سے زیادہ کووڈ مریض صحتیاب ہوئے۔ اِسی عرصے میں کووڈ کے ایک لاکھ 14 ہزار460 نئے معاملات سامنے آئے، جو پچھلے لگ بھگ دو مہینوں میں سب سے کم ہیں۔

ملک میں کووڈ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح مزید بِہتر ہوکر 93 اعشاریہ چھ سات فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق لگ بھگ 14 لاکھ 77 ہزار افراد اِس وبا سے متاثر ہیں۔ وہ یا تو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، یا اُنہیں گھر میں ہی الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔جانچ کے بعد متاثر پائے جانے کی یومیہ شرح تقریباً پانچ اعشاریہ چھ دو فیصد ہے۔ یہ لگاتار 13 واں دِن کہ جب یہ شرح دس فیصد سے بہت نیچے ہے۔

وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کووڈ سے دو ہزار 677 اموات ہوئیں۔ اِس طرح اِس بیماری سے اَب تک تین لاکھ 46 ہزار 759 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

اِدھر طبی تحقیق کی بھارتی کونسلICMR نے کہا ہے کہ یومیہ جانچ کے اعتبار سے ایک اور سنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔ ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں 20 لاکھ 36 ہزار سے زیادہ کووڈ نمونوں کی جانچ کی گئی۔

ملک میں 23 کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں

بھارت نے کووڈ ٹیکہ کاری کے معاملے میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کیا ہے۔ اب تک 23 کروڑ 13 لاکھ سے زیادہ کووڈ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹے میں 33 لاکھ 53 ہزار سے زیادہ ٹیکے لگائے گئے۔ اِن میں سے لگ بھگ30 لاکھ افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا، جب کہ تقریباً تین لاکھ 53 ہزار افراد کو دوسرا ٹیکہ لگایا گیا۔

18 سے 44 سال تک کی عمر کے لوگوں کو دو کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں اِس عمر کے لگ بھگ 17 لاکھ افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا، جبکہ تقریباً پچاس ہزار افرادنے دوسرا ٹیکہ لگوایا۔

اب تک ملک میں لگ بھگ ساڑھے 18 کروڑ افراد کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا ہے، جبکہ چار کروڑ ساٹھ لاکھ سے زیادہ ایسے افراد ہیں، جنہیں دونوں ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔

Recommended