صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر جناب من سکھ منڈاویا نے آج ’اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ بورڈ‘ کے چیئر پرسن کا عہدہ سنبھال لیا۔
وزیر موصوف 2024 تک کے لیے یہ ذمہ داری فوری طور پر سنبھالیں گے۔ وہ 2022 تک یو این ٹی بی اہداف کو پورا کرنے کے لیے اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ سکریٹریٹ، پارٹنرز، اور بڑے پیمانے پر موجود ٹی بی کمیونٹی کی کوششوں کی قیادت کریں گے، جو کہ 2030 تک ٹی بی کو ختم کرنے کی کوشش کی سمت میں ایک سنگ میل لمحہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر جناب منڈاویا نے کہا: ’’اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ بورڈ کے چیئر کا عہدہ سنبھالتے ہوئے مجھے خوشی حاصل ہو رہی ہے اور اس طرح میں 2030 تک عالمی سطح کی اس تباہ کن بیماری کے خاتمہ کے لیے عالمی کوششوں میں اپنے جاری عہد کو محفوظ کرنے کی کوشش کروں گا۔‘‘ انہوں نے اس موقع پر 2025 تک ملک سے ٹی بی کو ختم کرنے کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے عزم کو دہرایا۔
انہوں نے اسٹاپ ٹی بی بورڈ کے پیش رو چیئر، صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کے سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن کا شکریہ ادا کیا اور ان کی رہنمائی میں پارٹنرشپ کے ذریعے کی گئی پہل کی تعریف کی۔
اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ نے بورڈ کے نئے وائس چیئر مسٹر آسٹن ارنزے اوبیفونا، ایگزیکٹو ڈائرکٹر برائے ایفرو گلوبل الائنس کا بھی خیر مقدم کیا – جو اس سے پہلے بورڈ کے ممبر تھے اور اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ بورڈ، ڈیولپنگ کنٹری این جی اوز پر سب سے بڑے حلقہ انتخاب کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ یکم جنوری 2022 سے اگلے تین سالوں تک کے لیے بورڈ کے وائس چیئر ہوں گے۔
اسٹاپ ٹی بی پارٹنرشپ کے ایگزیکٹو ڈائرکٹر، ڈاکٹر لوسیسا ڈیٹیو نے ٹی بی کے خاتمہ کے لیے ہندوستان کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت کا تجربہ، اور جنون اگلے تین سالوں تک اس ادارہ کو آگے لے جانے میں کلیدی رول نبھائے گا۔