ہندوستان آنے والے برطانوی شہریوں کو 4 اکتوبر سے نئی کووڈ ہدایات کے تحت ویکسی نیشن ہونے کے باوجود کووڈ ٹیسٹ رپورٹ اور 10 دنوں کا آئیسولیشن ضروری ہوگا۔ ایسابرطانیہ کے ہندوستانی ویکسی نیشن پروگرام کے تحت دیے گئے سرٹیفکیٹ کو منظوری نہ دینے کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان نے برطانیہ سے یہاں آنے والے برطانوی شہریوں پر جوابی کاروائی کے تحت قوانین کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے قوانین 04 اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گے۔ برطانوی شہریوں کواب بھارت آنے سے 72 گھنٹے قبل کی'نگیٹیو' کووڈ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ ضروری ہوگی۔ یہاں پہنچنے کے بعد بھی، یہ ٹیسٹ کرانا ہو گا اورآنے کے آٹھویں روز بھی ٹیسٹ کراناہوگا۔ اس کے علاوہ، انہیں اپنے گھر اور جہاں رہنے والے ہیں،وہاں 10 دن تک لازمیقرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔وزارت صحت اور خاندانی بہبود اور شہری ہوا بازی کی وزارت قواعد کی تعمیل کو یقینی بنائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ برطانیہ نے حال ہی میں ویکسی نیشن کومنظوری دینے سے متعلق قوانین بنائے ہیں۔ اس میں ایسٹرا زینیکا کی ہندوستان میں بنی کوویشیلڈ سے متعلق سرٹیفکیٹ کو منظوری نہیں دے رہا ہے۔ اس کے تحت ایک اکتوبر کو کووڈ جانچ اور آئیسولیشن سے متعلق قوانین ہندوستانیوں پرنافذ ہوتے ہیں۔