بین الاقوامی یوگا دن پر، مرکزی حکومت کے 75 وزراء ملک کے 75 تاریخی اور ثقافتی مقامات پر یوگا کریں گے۔ یوگا کے آٹھویں عالمی دن پر جو 21 جون کو منایا جائے گا، وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک کے میسور محل میں یوگا کریں گے، جب کہ ان کی کابینہ کے 75 وزرا ملک کے 75 تاریخی اور ثقافتی مقامات پر یوگا کریں گے۔ ذرائع نے آج بتایا، ’’آزادی کا امرت مہوتسو جو کہ ملک بھر میں منایا جا رہا ہے، کے موقع پر 75 تاریخی اور ثقافتی مقامات پر یوگا پروگراموں میں حصہ لینے کے لیے 75 وزراء کو نامزد کیا گیا ہے۔‘‘
وزیر داخلہ امیت شاہ یوگا ڈے پر مہاراشٹر کے ناسک میں مشہور جیوترلنگا ترمبکیشور مندر کمپلیکس میں یوگا پروگراموں میں حصہ لیں گے، جب کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ یوگا ڈے پر تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں یوگا پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر دہلی کے لوٹس مندر میں یوگا کریں گے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری ناگپور کے زیرو مائل اسٹون میں یوگا کریں گے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن دہلی کے جنتر منتر پر یوگا کریں گی۔
مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان ہماچل پردیش کے کانگڑا قلعہ میں یوگا کریں گے اور اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر اپنی آبائی ریاست ہماچل پردیش میں نالہ گڑھ پیلس میں یوگا کریں گے۔ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی لکھنؤ میں لکھنؤ ریذیڈنسی میں یوگا کریں گی اور مرکزی وزیر بھوپیندر یادو اتر پردیش کے ایودھیا میں یوگا پروگرام میں حصہ لیں گی۔