دہلی وقف بورڈ میں بدعنوانی کی تحقیقات میں اینٹی کرپشن برانچ کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کے قریبی ساتھی کوثر امام صدیقی عرف لڈن کے گھر سے ایک لال ڈائری ملی ہے۔
اس ڈائری نے امانت اللہ کی مشکل میں اضافہ کر دیا ہے۔اینٹی کرپشن برانچ نے جمعہ کو ایم ایل اے امانت اللہ خان سے پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کے بعد ان کے اور ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔
اس چھاپے میں کوثر امام صدیقی کے ٹھکانے سے لال ڈائری، 12 لاکھ روپے کی نقدی اور بغیر لائسنس کے پستول اور کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے خلاف جنوبی مشرقی ضلع کے جامعہ نگر پولیس اسٹیشن میں آرمس ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہ مفرور ہے۔ اس کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق اس لال ڈائری سے کئی راز کھل گئے ہیں۔ اس میں کروڑوں روپے کے غیر قانونی لین دین کا ذکر ہے۔ اس کے ساتھ گجرات، بہار اور اتر پردیش کو بھیجی گئی رقم کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔ یہی نہیں لال ڈائری میں دبئی اور سعودی عرب کی رقم کا بھی ذکر ہے۔