نوٹ بندی کے بعد براہ راست ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ، ڈیجیٹل معیشت مستحکم: وزیر خزانہ

نئی دہلی ، 08 نومبر (انڈیا نیرٹیو)

وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے کہا کہ اس ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے چار سال قبل ملک میں نافذ کئے گئے نوٹ بندی کے فیصلے سے کالے دھن کو روک دیا گیا ہے۔ ٹیکس کے محاذ پر بہتر ی ہوئی ہے۔ وہیں ڈیجیٹل معیشت نے بھی بہت مضبوطی حاصل کی ہے۔ وزیر خزانہ کے دفتر نے اتوار کے روزسلسلہ وار کئی ٹویٹس میں یہ معلومات دی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد کئے گئے سروے میں یہ انکشاف ہوا ہے۔ مودی سرکار کے اس اقدام سے کئی کروڑ روپے کے غیر منقولہ اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’آپریشن کلین منی‘نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔ سیتارامن نے کہا ہے کہ نوٹ بندی سے نہ صرف شفافیت آئی ہے بلکہ ٹیکس کی بنیاد میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اس سے جعلی کرنسی اور اس کے چلن کو روکنے میں بھی مدد ملی ہے۔ صرف یہی نہیں ، بینکنگ چینلز میں جعلی نوٹوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

سیتارامن نے نوٹ بندی کے دیگر فوائد کو شمار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کے بعد انکم ٹیکس جمع کروانے والے نئے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ، نوٹ بندی کے بعد کارپوریٹ ٹیکس گوشواروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد خالص براہ راست ٹیکس وصولی اور جی ڈی پی کی رسیدوں پر براہ راست ٹیکس میں بھی بہتری آئی ہے۔