Urdu News

ایک سو ستر سال پہلے ہندوستان میں کہاں سے کہاں تک چلی تھی پہلی ٹرین؟

ہندوستان کی پہلی ٹرین

یہ تاریخ ہندوستانی ریلوے کے لیے خاص ہے، جو روزانہ 2.5 کروڑ سے زیادہ مسافروں کو ان کی منزلوں تک لے جاتی ہے۔ اس تاریخ کو ملک میں پہلی بار ٹرین چلائی گئی۔ 16 اپریل 1853 کو یہ ٹرین بمبئی (ممبئی) کے بوری بندر (چھترپتی شیواجی ٹرمینل) سے تھانے تک چلائی گئی۔

اس گاڑی نے بغیر کسی پریشانی کے 35 کلومیٹر کا سفر مکمل کیا۔ یہ ایک بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے۔ اس میں 20 ڈبے تھے جن میں تقریباً 400 مسافر سوار تھے۔ یہ  ٹرین بوری بندر سے 03:35 پر روانہ ہوئی اور 04:45 پر تھانے پہنچی۔ اسے چلانے کے لیے برطانیہ سے تین انجن منگوائے گئے۔

اتوار کو ہندوستان میں پہلی ٹرین کے پہلے سفر کے 170 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ برسوں کے دوران ہندوستانی ریلوے کی ترقی نے کئی سنگ میل چھوئے ہیں۔ آج ہندوستانی ریلوے دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ریل نیٹ ورک ہے۔

یکم مارچ 1969 کو ملک کی پہلی سپر فاسٹ ٹرین دہلی اور ہاوڑہ کے درمیان براڈ گیج لائن پر چلائی گئی۔ اب دریائے چناب پر دنیا کا بلند ترین ریل پل تیار ہے۔ اس ریل پل کی اونچائی پیرس کے ایفل ٹاور سے بھی زیادہ ہے۔ اس ریل پل پر اگلے سال سے ریل کی آمدورفت شروع ہونے کی امید ہے۔

Recommended