ہر ریاست میں 2024 تک این آئی اے کا دفتر ہوگا:امت شاہ
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں 34 فیصد کمی آئی ہے۔انہوں نے یہ بات ہریانہ کے سورج کنڈ میں داخلی سلامتی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے 2 روزہ ‘چنتن شیویر’ کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے 2024 تک ہر ریاست میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی شاخیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کی اموات میں 64 فیصد اور عام شہریوں کی اموات میں 90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر میں اس وقت سے 57,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری بھی دیکھی گئی ہے۔
سرحد پار جرائم سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ریاستوں اور مرکز کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آئی اے کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) میں اصلاحات کے سلسلے میں مختلف تجاویز موصول ہوئی ہیں اور کہا کہ حکومت جلد ہی پارلیمنٹ میں نئے مسودے لائے گی۔
شاہ نے مزید کہا کہ غیر ملکی شراکت (ریگولیشن)ایکٹ (ایف سی آر اے( میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ این جی اوز کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا، “حکومت نے ایسی این جی اوز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ہیں، جو ہندوستان کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی تھیں۔
” انہوں نے مزید کہا کہ شیویر سائبر جرائم، منشیات کی اسمگلنگ، سرحد پار سے عسکریت پسندی، بغاوت وغیرہ سے نمٹنے کے لیے مشترکہ منصوبہ تیار کرنے میں مدد کرے گا۔تمام ریاستوں کے وزرائے داخلہ، لیفٹیننٹ گورنرز اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ایڈمنسٹریٹر اس دو روزہ میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔