Urdu News

جماعت اسلامی ہند کے وفد نے فساد زدہ گروگرام کا دورہ کیا اور فوری امن بحالی کا مطالبہ کیا

جماعت اسلامی ہند کے وفد نے فساد زدہ گروگرام کا دورہ کیا اور فوری امن بحالی کا مطالبہ کیا

جماعت اسلامی ہند کے نیشنل سکریٹری مولانا شفیع مدنی کی قیادت میں ایک وفد نے ہریانہ کیفساد سے متاثرہ علاقہ گروگرام کا دورہ کیا اور وہاں بڑے پیمانے پر ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس وفد میں جماعت کے عہدیداران میں انعام الرحمن، ندیم خاں اور لئیق احمد خان شامل تھے۔

وفد نے گروگرام کی پولیس کمشنر محترمہ کالا رام چندرن سے ملاقات کی اور سیکٹر 57 میں مسجد پر ہوئے حملے اور اس کے امام جناب سعد کی موت اور علاقے میں ہونے والے تشدد اور حملوں کے بارے میں معلومات حاصل کی اور ان سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وفد کا تجزیہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ اس تشدد کا باعث بنا جس کو مناسب طریقے پر سنبھالنے میں پولیس فورس پوری طرح سے ناکام رہی اور جلوس کو کئی حساس علاقوں سے گزرنے کی اجازت دی گئی۔

وفد سے مقامی باشندوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی اور علاقے میں بدامنی کی وجہ سے اپنی جانوں کے تئیں خدشے کا اظہار کیا۔ وفد نے اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور سیکٹر 57 کی مسجد کا بھی دورہ کیا جسے سخت سیکورٹی کے گھیرے میں رکھا گیا ہے۔

 جماعت اسلامی ہند کا خیال ہے کہ گرو گرام میں پیدا شدہ صورت حال ہماری انٹیلی جنس اور محکمہ پولیس کے مابین تال میل میں کمی کے سبب ہوئی ہے۔ مزید برآں فسادیوں کوسیاسی سرپرستی اور  ان کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہونے کی یقین دہانی نے آگ پر تیل کا کام کیا اور حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے۔ جماعت امن کی بحالی اور اعتماد سازی کے لئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس کے لئے تمام طبقات کے بیچ بات چیت کے لئے سازگار ماحول بنانے کی سنجیدہ کوششیں ہونی چاہئے۔ یہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ سوشل میڈیا نے پروپیگنڈہ کرکے تشدد پر اکسانے کا جو کام کیا ہے، اس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوئی ہے۔

وفد نے محسوس کیا کہ آس پاس کے علاقوں میں جو لوگ متاثر ہوئے ہیں، ان  کے دل و دماغ پر خوف بیٹھ گیا ہے۔ اب پولیس اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو یقین دلائیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تشدد پھیلانے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جماعت کو ایسے واقعات کے بعد ملک کے ایک اہم کاروباری مرکز یعنی گرو گرام سے لوگوں کی جبراً نقل مکانی پر بھی سخت تشویش ہے۔ اس سے ہمارے پْرامن کاروباری ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ لہٰذا ایسے حالات کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لئے مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔ جماعت تشدد کے متاثرین کو معاوضہ اور قصورواروں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتی ہے۔

Recommended