Urdu News

میڈیا ایڈوائزر کے مطابق اعظم خان بنا سکتے ہیں نئی سیاسی جماعت

اعظم خان

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو کے چچا شیو پال یادو کے بعد اب رام پور سے ایس پی ایم ایل اے اعظم خان بھی پارٹی چھوڑنے کا ذہن بنا رہے ہیں۔ وہ نئی جماعت کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ اعظم خان کے میڈیا ایڈوائزر فصاحت خان عرف شانو نے رام پور میں جو بیان دیا ہے اس سے ایسا ہی لگتا ہے۔

رام پور میں ہوئی پارٹی میٹنگ میں اعظم خان کے قریبی ساتھی اور ان کے میڈیا ایڈوائزر فصاحت خان عرف شانو نے بتایا کہ اعظم سماج وادی پارٹی سے ناراض ہیں۔ وہ پارٹی چھوڑنے کے بارے میں  سوچ رہے ہیں۔ تاہم اعظم کی جانب سے اس پر کوئی  باضابطہ  بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

شانو نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کہا تھا کہ اکھلیش خود اعظم خان کی رہائی نہیں چاہتے ہیں۔ ان کے خیال میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بالکل درست ہیں۔

میٹنگ میں شانو کا درد بھی چھلک گیا کہ اکھلیش یادو صرف ایک بار اعظم سے ملنے سیتا پور جیل گئے ہیں، جب کہ ہم نے آپ کو اور ملائم سنگھ یادو کو یوپی کا وزیر اعلیٰ بنایا ہے۔ لیکن آپ نے اعظم خان کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا۔ اعظم خان طویل عرصے سے جیل میں رہنے کی وجہ سے اب وہ لوگ خود کو یتیم سمجھنے لگے ہیں۔ اکھلیش یادو ان سے بات  نہیں کر رہے ہیں۔

Recommended