Urdu News

اگنی ویر ملازمت کے دوران این آئی او ایس سے 12ویں کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے: وزارت تعلیم

اگنی ویر ملازمت

مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے تحت، 10ویں پاس 'اگنی ویر' ملازمت کے دوران نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ(این آئی او ایس) سے 12ویں کلاس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ سرٹیفکیٹ ملک بھر میں ملازمت اور اعلیٰ تعلیم کے لیے کارآمد ہوگا۔

مرکزی وزارت تعلیم نے جمعرات کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کا محکمہ اپنے خود مختار ادارے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) کے ذریعے اور دفاعی حکام کے ساتھ مشاورت سے ایک خصوصی پروگرام شروع کر رہا ہے جو  10ویں پاس اگنی ویروں کے لیے  اپنی تعلیمی لیاقت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس کے لیے موزوں نصاب تیار کیا جائے گا۔ 12ویں کا یہ سرٹیفکیٹ  ملازمت اور اعلیٰ تعلیم دونوں مقاصد کے لیے پورے ملک میں تسلیم کیا جائے گا۔

اس سے اگنی ویروں کو بعد کی زندگی میں معاشرے میں نتیجہ خیز کردار ادا کرنے کے لیے کافی تعلیمی قابلیت اور ہنر حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ این آئی او ایس  کا یہ خصوصی پروگرام اندراج، کورسز کی ترقی، طلبا کی مدد، خود سیکھنے کے مواد کی فراہمی، مطالعاتی مراکز کی منظوری، ذاتی رابطہ پروگرام، تشخیص اور سرٹیفیکیشن میں سہولت فراہم کرے گا۔

مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کا محکمہ 10ویں جماعت پاس اگنی ویروں کو ان کی تعلیمی قابلیت بڑھانے کا موقع دے گا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) 12ویں پاس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے وزارت دفاع کے ساتھ مشاورت سے ایک خصوصی پروگرام شروع کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کی طرف سے وزارت دفاع کی مشاورت سے اگنی ویروں کے لیے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا اقدام ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس کے تحت 10ویں پاس اگنی وئر اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس) کے ذریعے 12ویں کلاس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتا ہے۔

پردھان نے کہا کہ این آئی او ایس کے 12ویں پاس سرٹیفکیٹ کو ملازمت اور اعلیٰ تعلیم دونوں مقاصد کے لیے پورے ملک میں پہچانا جاتا ہے جو اگنی ویروں کو زندگی میں ترقی کرنے کے مختلف مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت تعلیم اگنی پتھ اسکیم کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ اگنی ویر اعلیٰ تعلیمی قابلیت اور ہنر حاصل کرکے معاشرے میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ وزارت دفاع نے حال ہی میں ’اگنی پتھ‘ اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ یہ فوج کی تینوں خدمات میں بھرتی کے لیے ایک آل انڈیا میرٹ پر مبنی اسکیم ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کو مسلح افواج میں ”اگنی ویر“ کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ یہ نوجوانوں کو مسلح افواج کے ریگولر کیڈر میں 4 سال بشمول تربیتی مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ اگنیویروں کو 17.5 سے 21 سال کی عمر کے گروپ میں بھرتی کیا جائے گا۔ 10ویں یا 12ویں پاس امیدوار بھرتی کے عمل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

Recommended