مرکزی وزیر صحت منسوخ منڈاویا نے کہا کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) صحت کے میدان میں لائٹ ہاؤس کی طرح ہے۔ ہفتہ کو ایمس کے 66 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے منڈاویا نے کہا کہ یہ ایک ایسا ادارہ بن گیا ہے جس پر لوگوں کااٹوٹ بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمس کی مانگ ملک بھر میں ہے۔ آنے والے وقت میں ملک کی مختلف ریاستوں میں 22 ایمس کھولنے کی تیاری ہے، اس سمت میں تیزی سے کام ہو رہا ہے۔
وزیرموصوف نے کہا کہ جب وہ اسپتال میں جاتے ہیں تو وہاں باؤنسردیکھ کر بہت دکھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیمار لوگ اسپتالوں میں علاج کے لیے آتے ہیں۔ وہ یہاں کسی سے لڑنے نہیں آتے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے کہ مریض اور ان کے اہل خانہ ناراض کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایمس نے اپنی محنت، خدمت اور معیاری علاج کی وجہ سے ایک مقام بنایا ہے۔ ہمیں اسے برقرار رکھنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے 66 ویں یوم تاسیس کے موقع پر آج دہلی کے ایمس میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر صحت منسخ منڈاویا نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ اس دوران وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار اور ایمس کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا بھی موجود تھے۔