Urdu News

سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کی کورونا سے موت

سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ

 سابق مرکزی وزیر  چودھری اجیت سنگھ کی کورونا سے موت 

 
راشٹریہ لوک دل کے صدر، سابق مرکزی وزیر چودھری اجیت سنگھ کا انتقال دہلی کے پاس گروگرام کے ایک اسپتال میں 6مئی کی صبح ہو گیا۔ وہ گزشتہ دس دنوں سے کرونا کا شکار بتائے جاتے ہیں۔ چودھری اجیت سنگھ جاٹوں کے بڑے لیڈر مانے جاتے ہیں۔ مغربی اتر پردیش کے باغپت سے سات مرتبہ ممبر آف پارلیامنٹ رہے۔ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے بیٹے چودھری اجیت سنگھ پیشے سے کمپیوٹر انجینئر تھے۔ وہ اٹل بہاری واجپئی حکومت میں مرکزی وزیر زراعت تھے۔ کانگریس حکومت میں بھی وہ شہری ہوا بازی کے وزیر رہ چکے تھے۔ 
چودھری اجیت سنگھ کی عمر تقریباً 82سال تھی۔ ان کے بیٹے چودھری جینت نے خود ٹویٹ کر کے اپنے والد کے انتقال کی خبر دی۔ جینت چودھری بھی مغربی یو پی کی متھرا سیٹ سے ممبر آف پارلیامنٹ رہ چکے ہیں۔ گزشتہ الکشن میں فلم اداکارہ ہیما مالنی نے جینت چودھری کو شکست دے دی تھی۔ ادھر چودھری اجیت سنگھ بھی مظفر نگر سے اپنا الکشن ہار گئے تھے۔ 
گزشتہ بیس اپریل کو چودھری اجیت سنگھ کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ حالت خراب ہونے پر انھیں گروگرام کے ایک پرایؤیٹ ہاسپٹل میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔ جہاں 6مئی کی صبح انھوں نے آخری سانس لی۔ وہ اپنے علاقے میں ”چھوٹے چودھری“ کے نام سے مقبول تھے۔ بڑے چودھری کا
مطلب ان کے والد سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ تھے۔ جاٹ برادری میں اس خاندان کی بڑی مقبولیت تھی۔ ملک نے ایک بڑا لیڈر کھو دیا ہے۔  

Recommended