Urdu News

جی-20 اجلاس کے لیے کل جماعتی میٹنگ آج

نئی دہلی، 05 دسمبر (انڈیا نیریٹو)

مرکزی حکومت نے آئندہ جی-20 سربراہی اجلاس سے متعلق تجاویز، بحث اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیےآج ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔

آل پارٹیز اجلاس میں چالیس سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کل جماعتی میٹنگ بلائی ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شریک ہوں گے۔ میٹنگ راشٹرپتی بھون میں ہوگی۔ اس میٹنگ میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود رہیں گے۔

ہندوستان کو باضابطہ طور پر یکم دسمبر کو دنیا کی 20 سب سے بڑی معیشتوں کی تنظیم جی-20 کی صدارت ملی۔ جس کی وجہ سے ملک بھر میں 200 سے زائد جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اگلے سال جی 20 سربراہی اجلاس بھی اسی سلسلے کا ایک حصہ ہے۔

جی 20 سربراہی اجلاس اگلے سال 9، 10 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہوگا۔ اس میں جی-20 ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔ دیگر اجلاس ملک بھر میں مختلف مقامات پر ہوں گے۔ معلومات کے مطابق، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی اور اُڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک اس میٹنگ میں حصہ لیں گے۔

Recommended