Urdu News

امریندرسنگھ بی جے پی میں شامل،پنجاب لوک کانگریس کابھی پارٹی میں انضمام

امریندرسنگھ بی جے پی میں شامل

کپتان کے آنے سے بی جے پی کو تقویت ملے گی، پنجاب میں امن و سلامتی قائم ہوگی: تومر

ملک کے مفادات کا خیال رکھنے والی پارٹی میں شامل ہونے کا وقت آگیا ہے: امریندر سنگھ

پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے پیر کو اپنی پارٹی پنجاب لوک کانگریس کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں ضم کر دیا۔

اس موقع پر مرکزی وزراء نریندر سنگھ تومر، کرن رجیجو نے کپتان اور ان کی پارٹی کارکنوں کا بی جے پی میں خیرمقدم کیا۔

تومر نے کہا کہ کپتان کی آمد سے بی جے پی مضبوط ہوگی اور پنجاب میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر کپتان نے وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ پنجاب ایک سرحدی ریاست ہے اور انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کو خراب ہوتے دیکھا ہے۔

پنجاب میں مکمل افراتفری پھیلانے کے لیے اب ڈرون ہمارے علاقے میں آ رہے ہیں۔ چین بھی ہم سے دور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ریاست اور ملک کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے مفادات کا خیال رکھنے والی پارٹی میں شامل ہوں۔

پارٹی میں کپتان کا خیر مقدم کرتے ہوئے تومر نے کہا کہ آج یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے۔ پنجاب سرحدی ریاست ہے، ملک کی سلامتی اور حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ پنجاب میں امن قائم ہو۔

Recommended