Urdu News

پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت آندھرا پردیش کی واپسی، کسانوں کو فصل کا تحفظ فراہم ہوگا – جناب تومر

زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر

 

زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی جناب وائی۔ ایس۔ جگن موہن ریڈی کے درمیان بات چیت کے بعد آندھرا پردیش حکومت نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ جناب تومر نے ریاستی حکومت کے اس قدم کی تعریف کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اہم فیصلے سے ریاست کے 40 لاکھ سے زیادہ کسانوں کی فصلوں کو قدرتی آفات کی صورت میں بیمہ کور ملے گا۔

جناب تومر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاستوں کی تجاویز کے مطابق پی ایم ایف بی وائی کو سہل اور آسان بنایا ہے۔ مرکزی حکومت کسانوں کے حالات کو بہتر بنانے اور انہیں خوشحال بنانے نیز زراعت کو جدید زراعت میں تبدیل کرنے کے لیے ریاستوں کے ساتھ مسلسل کام کر رہی ہے۔

میٹنگ میں جناب ریڈی نے ریاست میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کو دوبارہ نافذ کرنے کے لیے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ جناب ریڈی نے کہا کہ مرکز کے ساتھ بات چیت کے بعد ریاستی حکومت نے ریاست کے کسانوں کو پی ایم ایف بی وائی کے تحت فصل بیمہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0027QN5.jpg

آندھرا پردیش نے خریف سیزن 2022 سے پی ایم ایف بی وائی کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت آندھرا پردیش سمیت ملک بھر کے کسانوں کو ان کی آمدنی اور ذریعہ معاش کو محفوظ بنا کر بااختیار بنانے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے آتم نربھر بھارت (خود کفیل بھارت) اور خود کفیل کسان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ آندھرا پردیش اور دیگر ریاستوں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے فروری-2020 میں اسکیم کو نئی خصوصیات جیسے تمام کسانوں کے لیے رضاکارانہ اندراج، پیداوار کے تخمینے میں ٹیکنالوجی کا وسیع استعمال، رقم کی ادائیگی کے لیے انتخاب کرنے کے لیے رسک کوریج کو شامل کرکے تبدیل کیا۔ ریاستوں کو متبادل اور مروجہ رسک پروفائل کے مطابق بیمہ مہیا کیا گیا اور انتظامی اخراجات کے لیے 3 فیصد کا انتظام کیا گیا۔

7 جولائی کو زراعت کے مرکزی سکریٹری جناب منوج آہوجا کی سربراہی میں ایک ٹیم نے بھی اس اسکیم کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو ایک پریزنٹیشن دیا۔

آندھرا پردیش میں خریف 2016 سے خریف 2019 تک پی ایم ایف بی وائی اور نوتشکیل شدہ موسم پر مبنی فصل بیمہ اسکیم (آر ڈبلیو بی سی آئی ایس) کو کامیابی کے ساتھ لاگو کیا گیا ہے۔

آندھرا پردیش کی اسپیشل چیف سکریٹری محترمہ پونم ملاکونڈیا، مرکزی وزارت زراعت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب ابھیلکش لیکھی نے بھی آج کی میٹنگ سے خطاب کیا۔ اسکیم کے سی ای او اور جوائنٹ سکریٹری جناب رتیش چوہان نے خیر مقدمی کلمات کہے اور پریزنٹیشن پیش کی۔ میٹنگ میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

Recommended