Urdu News

کشتواڑ کے مڑواہ میں فوجی جہاز گر کر تباہ،پائلٹس سمیت کتنے اہلکار زخمی؟

کشتواڑ کے مڑواہ میں فوجی جہاز گر کر تباہ

جموں، 4 مئی (انڈیا نیرٹیو)

 جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ کے دور دراز مڑواہ کے جنگلاتی علاقے میں فوج کا ایک ہیلی کاپٹر جمعرات کی صبح گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں  ہیلی کاپٹر کے  پائلٹ اور کو پائلٹ سمیت تین اہلکار  زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی کشتواڑخلیل احمد پوسوال نے بتایا کہ ایڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) دھرو مڑواہ کے مچینا علاقے میں ایک ندی کے کنارے گر کر تباہ ہوگیا۔اس علاقے کا رابطہ بھاری برفباری کی وجہ سے ضلع ہیڈکوارٹر سے منقطع ہے۔

یہ  حادثہ صبح 10 بج کر 35 منٹ کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کا  ملبہ ندی کے کنارے سے ملا ہے۔ ہیلی کاپٹر پر سوار فوج کے تین اہلکاروں بشمول پائلٹ اور کو پائلٹ کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا اور انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بتا دیں کہ برف باری سے متاثرہ مڑواہ میں رہنے والے  لوگوں کے لیے سردیوں میں ہیلی کاپٹر ہی نقل و حمل کا واحد ذریعہ ہیں۔  ہیلی کاپٹر ہی راشن سمیت دیگر سامان کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہیں۔

ادھم پور کی شمالی کمان کے ایک بیان کے مطابق، صبح تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پرایک آپریشنل مشن پر آرمی ایوی ایشن کے اے ایل ایچ دھرو ہیلی کاپٹر نے جموں و کشمیر کے کشتواڑ علاقے میں مڑواہ ندی کے کنارے احتیاطی طور پر لینڈنگ کی۔ معلومات کے مطابق  پائلٹس نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو تکنیکی خرابی کی اطلاع دی تھی اور احتیاطی طور پر لینڈنگ کے لیے آگے بڑھے۔

لینڈنگ کے لئے اچھی جگہ نہ ملنے کی وجہ سے جہاز کی  سخت مشکلوں سے لینڈنگ ہوئی۔اس کے فوراً بعدامدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور فوج کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

Recommended