Urdu News

آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہندوستان کی ترجیح : وزیر اعظم نریندر مودی

آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہندوستان کی ترجیح : وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 28 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہمیشہ ہندوستان کے لیے ایک اہم ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں باہمی تعاون مستقبل میں ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

وزیر اعظم مودی نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن کے 18ویں اجلاس کو ورچوئل میڈیم کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ہمیں کووڈ-19 کی وجہ سے بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن یہ مشکل وقت  بھارت اور آسیان کے درمیان دوستی  کاایک پیمانہ بھی تھا۔  کووڈ  کے دوران ہمارے باہمی تعاون نے ہمارے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی بنیاد رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندوستان اور آسیان کے درمیان ہزاروں سالوں سے فعال  تعلقات رہے ہیں۔ یہ ہماری مشترکہ اقدار، روایات، زبانیں،  فن تعمیر، ثقافت، کھانے کے عادات و اطوار  وغیرہ میں جھلکتی ہیں۔ اس لیے آسیان کا اتحاد اور مرکزیت ہمیشہ ہندوستان کے لیے ایک اہم ترجیح رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آسیان کا مرکزی کردار ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا حصہ ہے اور یہ ہماری سلامتی اور خطے میں سب کے لیے ترقی – بحری پالیسی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہند-بحرالکاہل اوقیانوس اقدام اور ہند-بحرالکاہل کے لیے آسیان کا آؤٹ لک ہند-بحرالکاہل میں ہمارے مشترکہ وژن اور تعاون کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں ہماری شراکت داری کے 30 سال مکمل ہو ں گے۔ ہندوستان بھی اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کرے گا۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ ہم اس اہم سنگ میل کو 'آسیان-بھارت دوستی سال' کے طور پر منائیں گے۔

Recommended