Urdu News

ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ سے 12 عقیدت مندوں کی موت، 16 زخمی

ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ سے 12 عقیدت مندوں کی موت، 16 زخمی

مرنے والوں کے لواحقین کو دس۔دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان

حادثے کی تحقیقات کے لیے پرنسپل سکریٹری (ہوم) کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی

ماتا ویشنو دیوی بھون میں  ہفتہ کی علی الصبح بھگدڑ مچنے کی وجہ سے 12 عقیدت مندوں کی موت ہوگئی اور 16 دیگر زخمی ہوگئے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرنے والوں کے لواحقین کو10۔ 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انکوائری کمیٹی کی سربراہی پرنسپل سکریٹری (ہوم) کریں گے۔

نئے سال کا آغاز ماتا ویشنو دیوی کے درشن سے کرنے کی خواہش کے ساتھ ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند ماتا ویشنو دیوی پہنچے تھے۔ عمارت پر عقیدت مندوں کی بھیڑ اتنی تھی کہ درشن کے بعد واپس آنے والے عقیدت مندوں کو کافی تگ و دو کرنی پڑرہی تھی۔ اس دوران قطار میں کھڑے کچھ عقیدت مندوں نے کسی بات پر جھگڑے کے بعد دھکہ مکی  شروع  ہوگئی جس نے بعد میں بھگدڑ کی شکل اختیار کر لی۔ بھگدڑ میں مرنے والے 12 عقیدت مندوں میں سے زیادہ تر کا تعلق دہلی، پنجاب، ہریانہ اور جموں و کشمیر سے ہے۔ زخمیوں کا نارائنا اسپتال میں علاج جاری  ہے۔

ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بھی اس تصدیق کی ہے کہ عمارت میں بھگدڑ کی شروعات کسی مسئلے پر عقیدت مندوں کے درمیان جھگڑے سے ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ آج صبح تقریباً 2:45 بجے پیش آیا، جب قطاروں میں کھڑے عقیدت مندوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا شروع ہوگیا۔ اس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو دھکا دینا شروع کر دیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

بھگدڑ میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے نارائنا اسپتال لے جایا گیا۔ تین افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

اس دوران وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ زخمیوں کی حالت جاننے کے لیے اسپتال پہنچے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اگر کسی کو ضرورت پڑی تو حکومت اسے بھی باہر کے اسپتال میں داخل کرائے گی۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ کیس کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انکوائری کمیٹی کی سربراہی پرنسپل سکریٹری (ہوم) کریں گے۔ اس کے علاوہ اے ڈی جی پی اور جموں کے ڈویژنل کمشنر اس کے ممبر ہوں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے حادثے میں ہلاک ہونے والے عقیدت مندوں کے لواحقین کو دس۔دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

اس حادثے میں ہلاک ہونے والے 10 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت ہونا باقی ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت دھیرج کمار (26) ولد ترلوک کمار ساکن نوشہرہ راجوری، شویتا سنگھ (24) بیوی وکرانت سنگھ ساکن غازی آباد (اتر پردیش)، ونے کمار (24) ولد مہیش چندر ساکن بدر پور (دہلی)، سونو پانڈے (24) ولد نریندر پانڈے ساکن بدر پور (دہلی)، ممتا (38) بیوی سریندر ساکن بیری جھجھر (ہریانہ)، ونیت کمار (38) ولد ویرامپال سنگھ ساکن سہارنپور (اتر پردیش)، دھرم ویر سنگھ (35) ساکن سالاپور، سہارنپور (اتر پردیش)، ڈاکٹر ارون پرتاپ سنگھ (30) ولد ست پرکاش سنگھ ساکن گورکھپور (اتر پردیش) کے طور پر ہوئی ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت رشی کیش (23) ساکن ممبئی (مہاراشٹر)، سمت (29) پٹھانکوٹ (پنجاب)، وکاس تیواری (25) ممبئی (مہاراشٹر)، آیوش (25) چھنی (جموں)، کپل  (25) دہلی (ڈسچارج)، نتن گرگ (30) گنگا نگر راجستھان (ڈسچارج)، کرن (18)، آشیش کمار جسوال 25 سال (ڈسچارج)، بھور لال پاٹیدار (47) مندسور (مدھیہ پردیش)، ساحل کمار (22) آر ایس پورہ، جموں، ادھین مہاجن (16) چھنی ہمت، جموں، پرشانت ہانڈا (30) جے پور (راجستھان)، سریتا سنگھ (42) دہلی، روی کمار (38)  چھتیس گڑھ (ڈسچارج) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دو افراد کی شناخت  ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

Recommended