Urdu News

حکام، ملک میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے جدید طرز پر ڈھالنے کو یقینی بنائیں: وزیراعظم

وزیر اعظم نریندر مودی

حکام، ملک میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے جدید طرز پر ڈھالنے کو یقینی بنائیں: وزیراعظم

وزیراعظم نریندر مودی نے متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ ملک میں صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو تیزی کے ساتھ جدید طرز پر ڈھالنے کو یقینی بنایا جائے۔ جناب مودی نے ملک میں کووڈ-19 صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کل اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ 

وزیراعظم نے آکسیجن کی دستیابی، دواؤں اور صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے سے وابستہ معاملات کی جانکاری حاصل کی۔آکسیجن سپلائی میں اضافے کے لیے کام کرنے والے بااختیار گروپ نے وزیراعظم کو ملک میں آکسیجن کی دستیابی اور سپلائی کو مستحکم بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی جانکاری دی۔ 

ملک میں رقیق میڈیکل آکسیجن کی تیاری اِس مہینے کے آخر تک 9 ہزار 250 ٹن یومیہ سے تجاوز کرجانے کی امیدہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد آکسیجن پلانٹس شروع کرنے کے لیے ریاستی سرکاروں کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کریں۔ متعلقہ افسروں نے جناب مودی کو اِس بات سے واقف کرایا کہ وہ آکسیجن پلانٹس قائم کرنے کے لیے ریاستوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ 

وزیراعظم کو آکسیجن ایکسپریس ریلوے سروس کے کام کاج کے ساتھ ساتھ آکسیجن ٹینکرس کے نقل وحمل کے لیے بھارتی فضائیہ کی جانب سے کی جانے والی پروازوں کی بھی جانکاری دی گئی، جس میں اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔

طبی بنیادی ڈھانچے اور کووڈ سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والے با اختیار گروپ نے بستروں اور انتہائی نگہداشت والے یونٹوںICU کی دستیابی بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی وزیراعظم کو واقف کرایا۔ 

وزیراعظم نے اِس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیاکہ کووڈ سے نمٹنے کیلئے مرتب کی گئی مخصوص رہنما ہدایات اور حکمت عملی کو ریاستوں کی متعلقہ ایجنسیوں کو مناسب انداز سے نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ 

اِس میٹنگ میں کابینہ سکریٹری، داخلہ سکریٹری، اطلاعات ونشریات محکمہ کے سکریٹری، دواسازی محکمے کے سکریٹری، نیتی آیوگ کے ممبر، طبی تحقیق کی بھارتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل، بایوٹیکنالوجی کے سکریٹری اور دیگر اعلیٰ افسر بھی موجود تھے۔ 

Recommended