Urdu News

جموں وکشمیر کی بانہال قاضی گنڈ روڈ ٹنل، وزیراعظم مودی کے ذریعہ افتتاح کے لیے تیار

جموں وکشمیر کی بانہال قاضی گنڈ روڈ ٹنل

بانہال قاضی گنڈ روڈ ٹنل جو  جموں و کشمیر میں ایک اہم ترقیاتی پروجیکٹ ہے  وہ  دیگر ترقیاتی اقدامات کے ساتھ اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں اجرا کے لیے تیار ہے۔ 3,100 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کی گئی، 8.45 کلومیٹر بانہال قاضی گنڈ روڈ ٹنل بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان سڑک کی دوری کو 16 کلومیٹر تک کم کر دے گی، اور سفر کا وقت بھی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک کم کر دے گی۔

یہ سرنگ جموں اور کشمیر کے درمیان ہمہ موسمی رابطہ قائم کرنے اور دونوں خطوں کو قریب لانے میں مدد دے گی۔ وزیر اعظم قومی پنچایتی راج دن کی تقریبات میں حصہ لینے کے لیے جموں و کشمیر میں پالی پنچایت کے اپنے دورے کے دوران رتلے اور کوار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ 850 میگاواٹ کا رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کشتواڑ ضلع میں دریائے چناب پر تقریباً 5300 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ 540 میگاواٹ کا کوار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ بھی ضلع کشتواڑ میں دریائے چناب پر 4500 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنایا جائے گا۔

 دونوں منصوبے خطے کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ پالی میں 500 کلو واٹ کے سولر پاور پلانٹ کا، جو اسے کاربن نیوٹرل بننے والی ملک کی پہلی پنچایت بنائے گا، کا افتتاح بھی کل کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگست 2019 میں جموں و کشمیر کے حوالے سے آئینی اصلاحات متعارف کرائے جانے کے بعد سے حکومت نے نظم و نسق میں خاطر خواہ بہتری لانے اور لوگوں کے لیے زندگی کی آسانی کو بڑھانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات لانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ پی ایم او نے کہا کہ اس دورے کے دوران جن پروجیکٹوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور جن کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے وہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، نقل و حرکت میں آسانی کو یقینی بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو یقینی بنانے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔

Recommended