نئی دہلی : اگلے سال اترپردیش ، اتراکھنڈ ، پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور مرکز میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ پارٹی نے بدھ کو پانچ ریاستوں کے انچارجوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو اتر پردیش کا انچارج بنایا گیا ہے ۔ بی جے پی نے پردھان سمیت 8 مرکزی وزرا کو یوپی میں تعینات کیا ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب کی ذمہ داری کابینی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت کو دی گئی ہے ۔
بی جے پی نے پردھان کو یوپی میں چیف انچارج بنایا ہے جبکہ انوراگ ٹھاکر ، ارجن رام میگھوال ، سروج پانڈے ، شوبھا کرندجالے ، کیپٹن ابھیمنیو ، ان پورنا دیوی اور وویک ٹھاکر کو ساتھی انچارج کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ پنجاب میں شیخاوت ذمہ داری سنبھالیں گے اور ان کے ساتھ ہردیپ پوری ، میناکشی لیکھی ، ونود چاوڈا ہوں گے ۔ مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اتراکھنڈ کے چیف انچارج ہوں گے۔ لاکیٹ چیٹرجی اور سردار آر پی سنگھ شریک انچارج کے کردار میں ہوں گے ۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس گوا کا انچارج بنایا گیا ہے جبکہ مرکزی وزیر بھوپندر یادو منی پور کے انچارج ہوں گے ۔
قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ الیکشن کمیشن مارچ اور اپریل کے درمیان 2022 اسمبلی انتخابات کراسکتا ہے ۔ 2017 میں بی جے پی نے ہماچل پردیش ، اتر پردیش ، گوا ، اتراکھنڈ میں جیت حاصل کی تھی ۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے پنجاب اور منی پور میں حکومت بنائی تھی ۔ کانگریس کو پنجاب میں اندرونی لڑائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ ساتھ ہی تین نئے زرعی قوانین کی وجہ سے بی جے پی کو ریاست میں مخالفتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کسانوں کی ناراضگی کا اثر بی جے پی کو مغربی یوپی میں بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔
بی جے پی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق مغربی اترپردیش کا تنظیمی انچارج ممبر پارلیمنٹ سنجے بھاٹیا کو بنایا گیا ہے جب کہ برج کا ایم ایل اے سنجیو چورسیا کو ، اودھ کا ستیہ کمار کو ، کانپور کا سدھیر گپتا کو اور گورکھپور کا اروند مینن کو انچارج بنایا گیا ہے ۔ پارٹی نے وارانسی کی ذمہ داری سنیل اوجھا کو سونپی ہے ۔