Urdu News

بی جے پی سربراہ جے پی نڈا نے کورونا معاملہ پر حزب اختلاف کو نشانہ بنایا

بی جے پی سربراہ جے پی نڈا

بی جے پی سربراہ جے پی نڈا نے کورونا معاملہ پر حزب اختلاف کو نشانہ بنایا

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا نے مودی سرکار کے سات سال پورے ہونے کے موقع پر کہا کہ پارٹی نے اسے یوم خدمت کے طور پرمنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت پارٹی کے لاکھوں کارکن ملک کے ایک لاکھ سے زیادہ دیہاتوں میں ضرورت مندوں کی خدمت کرتے ہوئے انکے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاست عوامی خدمت کا ایک اہم وسیلہ ہے ، لیکن جہاں کچھ لوگ سادھک ( خدمت گزار) ہیں وہیں کچھ لوگ  بادھک (رکاوٹ ) بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سب کے درمیان عوامی خدمت کا عمل جاری رکھنا ہے۔ نڈا نے اتوار کے روز اس مہم کے ایک حصے کے طور پر کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے ضروری مواد بھیجا ، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے تمام کارکن عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ، جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں اور انکے رہنما گھروں میں بند ہیں وہ دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ عوام کو ان پارٹیوں کے رہنما یا تو  پریس کانفرنسوں میں نظر آتے ہیں یا ٹویٹر پر۔

نڈا نے کہا کہ دہلی کی  بی جے پی کی ریاستی یونٹ بھی خدمت کے کاموں میں پیچھے نہیں ہے۔ ابھی تک پارٹی کارکنوں نے دہلی میں 3.85 لاکھ فیس ماسک ، تقریبا 1.70 لاکھ غذائی پیکٹ اور تقریبا  3.68 لاکھ راشن کٹ تقسیم کی ہیں۔

Recommended