Urdu News

بی جے پی کے پاس نہ کوئی وژن ہے اور نہ کوئی سمت: رندیپ سنگھ سرجے والا

رندیپ سنگھ سرجے والا

کانگریس امیدوار سدھیر شرما کے حق میں دھرم شالہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا

کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ اگر ہماچل میں ترقی کا نیا باب لکھنا ہے تو کانگریس کی حکومت بنانا ضروری ہے۔

بدھ کو دھرم شالہ کیجوراور اسٹیڈیم میں کانگریس امیدوار سدھیر شرما کے حق میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پچھلے پانچ سالوں میں پورے ہماچل کی رفتار ٹھپ ہوگئی ہے۔

پانچ سال قبل عوام کو متوجہ کرنے والے وعدے کر ہماچل میں  جملے  بازوں کی بی جے پی حکومت آئی۔ دھرم شالہ سے بھی جیت کر گئی، لیکن یہاں کے لوگ آج خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس نہ تو کوئی وژن ہے اور نہ ہی کوئی سمت۔ عوام مہنگائی کا شکار ہیں، تیل ہو، پٹرول ہو، گیس ہو یا دالیں، ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔ 410 روپے کا گیس سلنڈر آج 1200 روپے کا ہے۔ 71 روپے کا پیٹرول 98 روپے میں دستیاب ہے۔ کسانوں کے ٹریکٹر اور ٹرک میں جو ڈیزل ڈالا جاتا ہے،وہ آج 84 روپے ہے۔

خوردنی تیل کی قیمت 190-200 روپے تک بڑھ گئی ہے۔ خود کو چائے والا کہنے والے مودی کے دور حکومت میں آج چائے کی پتی 450 روپے ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ تعلیمی نظام ختم ہو چکا ہے، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پانچ سال پہلے جیب کاٹنے والوں کی حکومت آئی اور ہماچل کی ترقی کی جیبیں کاٹ دیں۔

ہماچل کے نوجوانوں کے مستقبل کی جیبیں کاٹی گئیں۔ ہماچل میں خواتین کے بجٹ کی جیب کاٹیں۔ بی جے پی حکومت ہماچل میں ایمانداری کی جیبیں کاٹ کر بدعنوانی کا راج چلاتی رہی۔ جس کی وجہ سے ہماچل کو ایک دہائی پیچھے لاکر کھڑا کردیا گیا۔

دھرم شالہ میں سدھیر نے  ترقی کی جوکہانی لکھی،پچھلے پانچ سالوں سے وہیں کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی ترقی کا واحد آپشن ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ ہماچل حکومت کانگڑا سے ہی چلتی ہے اور  آگے بھی چلے گی۔

دھرم شالا کے امیدوار سدھیر شرما نے بھی جلسہ عام میں لوگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرم شالہ میں جو بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں،وہ ان کے دور میں ہوئے  ہیں۔

بی جے پی کے ایم ایل اے بننے کے بعد دھرم شالا کی ترقی رک گئی ہے۔ اسمارٹ سٹی کے تحت تمام منصوبے ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ہی اس رکی ہوئی ترقی کو بحال کرنے کا واحد آپشن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہمیں ووٹ دیں۔

اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری اور ہماچل کے الیکشن انچارج سنجے دت نے بھی خطاب کیا۔ آنند مادھو- اے آئی سی سی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن انچارج، اے آئی سی سی سپروائزر، موہن کمار منگلم، سابق ایم ایل اے لکھویندر رانا، سنجیو گاندھی، ترجمان وغیرہ بھی موجود تھے۔

Recommended