Urdu News

منی پور میں مسلح شرپسندوں کی فائرنگ میں بی ایس ایف کے جوان کی موت

بی ایس ایف جوان نریندر کمار

منی پور کے تینگنوپال ضلع میں مسلح شرپسندوں نے گشت کر رہے بی ایس ایف کے جوانوں پر فائرنگ کی۔ اس تصادم میں بی ایس ایف کا ایک جوان مارا گیا۔ جوان کی شناخت نریندر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔

منی پور کے سیکورٹی مشیر کلدیپ سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی سہ پہر ضلع ٹینگنوپال میں پیش آیا۔ بی ایس ایف کی 122ویں بٹالین کے اہلکار امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ضلع ٹینگوپال میں گشت کر رہے تھے۔ دریں اثنا موریہہ بازار میں مسلح شرپسندوں کے ایک گروپ نے گشت کے دوران ایک شخص کے گھر کو آگ لگا دی۔

کلدیپ سنگھ نے کہا کہ جب بی ایس ایف نے شرپسندوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے جوانوں پر گولی چلا دی۔ بی ایس ایف نے بھی جوابی کارروائی کی۔ جوابی فائرنگ میں ڈیوٹی پر موجود بی ایس ایف جوان نریندر کمار کو گولی لگ گئی۔ اسے قریبی فوجی اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

منی پور کے سیکورٹی ایڈوائزر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل 23 جون کو مسلح شرپسندوں نے کانگ پوک پی ضلع کے سیٹو اسمبلی حلقہ کے کانگچپ گیلزونگ سب ڈویڑن کے این بولجونگ گاؤں میں سیکورٹی دستوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا تھا۔ اس واقعہ میں فوج کا ایک سپاہی زخمی ہوا۔ اسے علاج کے لئے لیماخونگ کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

Recommended