کابینہ: اے سی ، ایل ای ڈی اور سولر پینل کی تیاری پر بھی پی ایل آئی کا فائدہ ملے گا
حکومت نے خود کفیل ہندوستان کے تحت ملک میں عالمی معیار کی مصنوعات بنانے کے لیے چلائے جارہی ’پروڈکشنسے متعلق مراعات (پی ایل آئی)‘ اسکیم میں مزید دو شعبوں کو شامل کیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز ’وائٹ گڈس‘ائر کنڈیشنر اور ایل ای ڈی لائٹس اور اعلی صلاحیت والے شمسی پینل کے لئے پی ایل آئی اسکیم کی منظوری دی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز سیکٹروں سے متعلق پی ایل آئی اسکیم کی منظوری دی۔
مرکزی وزیر پیوش گوئل نے اس کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہند کی پی ایل آئی اسکیم مقبول ہونے کے ساتھ ہی ملک کو معاشی رفتار فراہم کر رہی ہے۔ آج اس میں اعلی معیار کے شمسی پینل اور ایل ای ڈی لائٹس کوبھی شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ملک کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ملازمت دینے پر مستقل زور دے رہے ہیں۔
گوئل نےبتایا کہ ہندوستان کے پاس کئی شعبوں میں مسابقتی اور تقابلی فائدہ کے حالات ہیں۔ اس کے پیش نظر حکومت نے ملک میں عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرنے کے لئے 13 شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں آج کے دوشعبے ملاکر اب تک 9شعبوں میں پی ایل آئی اسکیم کو منظوری دی جاچکی ہے ۔ 4ا سکیموں پر مزید تیاریاں جاری ہیں۔
وائٹ گڈش کے لئے اعلان کردہ پی ایل آئی اسکیم کے تحت ، بھارت میں ایئر کنڈیشنر اور ایل ای ڈی لائٹس کی تیاری میں مصروف کمپنیوں کو پانچ سال کی مدت کے لئے تیار شدہ سامانوں کی اضافی فروخت پر 4 سے 6 فیصد مراعات دی جائیں گی۔
ایک اندازے کے مطابق پانچ سال کے عرصہ میں پی ایل آئی اسکیم سے 7920 کروڑ روپئے کی اضافی سرمایہ کاری ، 168000 کروڑ روپئے کی اضافی پیداوار ، 64400 کروڑ روپے کی برآمدات ، 49300 کروڑ روپے کی براہ راست اور بالواسطہ آمدنی پیدا کرے گی۔ نیز ، چار لاکھ براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
دوسری طرف ، حکومت سولرپی وی مینوفیکچررس کو ایک شفاف اور مسابقتی بولی لگانے کے عمل کے ذریعے منتخب کرے گی۔ اعلی کارکردگی والے شمسی پی وی ماڈیولز کی فروخت پر 5 سالہ پی ایل آئی فائدہ دیا جائے گا۔ مینوفیکچررس کو سولر پی وی ماڈیولز کی اعلی صلاحیت اور گھریلو مارکیٹ سے اپنے مواد کو سورس کرنے پر بھی نوازا جائے گا۔
اس سے مربوط شمسی پی وی مینوفیکچرنگ پلانٹوں کی 10000 میگاواٹ اضافی صلاحیت پیدا ہوگی۔ سولر پی وی مینوفیکچرنگ پروجیکٹس کو تقریباً 17200 کروڑ روپئے کی براہ راست سرمایہ کاری ہوگی۔ تقریبا 30000 افراد کو براہ راست روزگار اور تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار افراد کو بالواسطہ روزگار مہیا فراہم ہو گا۔ ہر سال درآمد میں تقریباً 1500 کروڑ روپے کی کمی واقع ہوگی اور شمسی پی وی ماڈیولز میں اعلی کارکردگی کے حصول کے لیے تحقیق اور ترقی میں مدد ملے گی۔