Urdu News

کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ضابطوں میں ترمیم

شری پرکاش جاوڈیکر مرکزی وزیر

 

 
 

نئی دہلی:17جون، 2021۔مرکزی حکومت نے آج کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ضابطوں، 1994 میں ترمیم سے متعلق ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے تحت کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایکٹ 1995 کی دفعات کے مطابق ٹیلی ویژن چینلز کے ذریعہ نشر کئے جانے والے مواد سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک قانونی میکنزم فراہم کیا گیا ہے۔

2.       فی الحال قواعد و ضوابط کے تحت پروگرام / اشتہارات ضابطوں کی خلاف ورزی سے متعلق شہریوں کی شکایات کو دور کرنے کے لئے بین وزارتی کمیٹی کے ذریعہ ایک اداراتی میکنزم موجود ہے۔ اسی طرح مختلف براڈکاسٹروں نے بھی شکایات کو دور کرنے کے لئے اپنا داخلی خود انضباطی میکنزم تیار کیا ہے۔ تاہم شکایتوں کے ازالے کے ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لئے قانونی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی تھی۔ کچھ براڈکاسٹروں نے اپنی انجمنوں / اداروں کو قانونی شناخت دینے کے لئے بھی درخواست کی تھی۔ معزز سپریم کورٹ نے "کامن کاز بمقابلہ یونین آف انڈیا اور دیگر" کے معاملے میں 2000 کے ڈبلیو پی (سی) نمبر 387 میں اپنے حکم نامہ میں مرکزی حکومت کے ذریعہ قائم کردہ شکایات کے ازالے کے موجودہ طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکایتوں کے ازالے کے طریقہ کار کو باقاعدہ بنانے کے لئے مناسب اصول وضع کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

3.       مذکورہ پس منظر میں اس قانونی میکنزم کو فراہم کرنے کے لئے کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے ضوابط میں ترمیم کی گئی ہے۔ یہ قانونی میکنزم شفاف ہوگا اور اس سے شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس کے ساتھ ہی  براڈکاسٹروں کے خود انضباطی اداروں کو مرکزی حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

4.       اس وقت 900 سے زیادہ ٹیلی ویژن چینلز موجود ہیں جنہیں وزارت اطلاعات و نشریات نے اجازت دی ہے۔ ان سب کو کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے قواعد کے تحت وضع کردہ پروگرام اور اشتہاری کوڈ کی تعمیل کرنے کی ضرورت ہے۔ مذکورہ بالا نوٹیفکیشن اس لئے اہم ہے کیونکہ یہ براڈکاسٹروں اور ان کی خود ساختہ تنظیموں پر جوابدہی اور ذمہ داری عائد کرتے ہوئے شکایات کے ازالہ کے لئے ایک مضبوط ادارہ جاتی نظام کی راہ ہموار کرتا ہے۔

 

 

 

 

 

 

———————–


 

Recommended