Urdu News

مرکزی حکومت جلد کل جماعتی میٹنگ بلائے: سونیا گاندھی

مرکزی حکومت جلد کل جماعتی میٹنگ بلائے: سونیا گاندھی

حکومت، کورونا سے لڑنے کا لائحہ عمل بنانے کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلائے۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے ملک کی صورتحال بے حد سنگین ہو گئی ہے اور حکومت کے لیے اس نمٹنا مشکل ہو رہا ہے لہٰذا حالات پر قابو پانے کے لیے فوراً کل جماعتی میٹنگ بلائی جانی چاہیے۔

محترمہ گاندھی نے جمعہ کے روز یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کی ہولناک شکل کے مقابلے سسٹم (نظام) چرمرا گیا ہے اور حکومت اس سے نمٹنے میں کامیاب نہیں پو پا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورت حال کی سنگینی کے پیش نظر وبا سے نمٹنے کے لیے کل جماعتی میٹنگ بلانی چاہیے اور کورونا سے کیسے نجات ملے اس بارے میں سب کی رائے لی جانی چاہیے کیوں کہ وبا سے اب جو صورت حال پیدا ہو گئی ہے، اس سے اجتماعی طور پر ہی نمٹا جا سکتا ہے۔

کانگریس کی صدر نے کہا کہ اس وبا کا مقابلہ اجتماعی طور پر ہی کیا جا سکتا ہے لہٰذا ٹھوس طریقہ کار اختیار کرنے کے لیے اور اجتماعی طور پر قدم اٹھانے کے لیے پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ بھی بلائی جانی چاہیے۔

راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر چار اہم تجاویز دیں

کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر کوویڈ۔19 کی تمام شکلوں کاسائنسی طریقے سے پتہ لگانے ، نئےمیوٹیشن پر سبھی ویکسین کی افادیت ، سبھی شہریوں کو تیزی سے حفاظتی ٹیکے لگانے اور دنیا کو شفاف طور پرسبھی نتائج سے آگاہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستان میں کوویڈ۔19 کی دوسری لہر کے درمیان وزیر اعظم کو یہ کانگریس کی جانب سے دوسرا خط ہے۔ خط میں راہل گاندھی نے کہا ’میں ایک بار پھر آپ کو خط لکھنے پر مجبور ہوں کیوں کہ ہمارا ملک کورونا کی سونامی کی گرفت میں ہے۔ ایسے غیر متوقع بحران میں ہندوستان کے عوام آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ اس ملک کے عوام کو اس تکلیف سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

راہل گاندھی نے مرکز پر کورونااور ویکسی نیشن کے لیےواضح حکمت عملی نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک آج ایک انتہائی خطرناک صورتحال میں مبتلا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر چھ لوگوںمیں سے ایک ہندوستانی ہے۔ عالمگیریت اور باہم وابستہ دنیا میں ہندوستان کی ذمہ داری کو سمجھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب اس وبا سےہمیں یہ پتہ چلتا ہے کہ ہمارے سائز ، جینیاتی تنوع اور پیچیدگی سے ہندوستان میں وائرس کے لیے اپنی شکل بدلنے اور زیادہ خطرناک ہونے کے لیے ایک بہت ہی سازگار ماحول موجود ہے۔

Recommended