دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کو سپریم کورٹ میں منتقل کردیا گیا
نئی دہلی ، 19 مارچ (انڈیا نیرٹیو)
سپریم کورٹ نے ویکسی نیشن کو لے کر دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملے کو سپریم کورٹ میں منتقل کردیا ہے۔ اب سپریم کورٹ اس کیس کی سماعت کرے گی۔ عدالت نے ویکسین بنانے والی کمپنیوں کو اجازت دی کہ وہ دوسرے ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کو سپریم کورٹ میں منتقل کرنے کے لئے اپیل کرسکتے ہیں۔
سماعت کے دوران ، سنٹر کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے بھی کہا کہ اس معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں ہونی چاہئے۔ جن لوگوں کو پہلے ویکسین کی ضرورت ہے، انہیں پہلے دستیاب کرانے کے پالیسی پر حکومت عمل پیراہے۔ تشار مہتا نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ اور بمبئی ہائی کورٹ میں چل رہے مقدمات میں مقدمے کی سماعت پر روک لگائی جائے اور خود سپریم کورٹ اس کیس کی سماعت کرے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ درخواست گزار کو خدشہ ہے کہ لوگوں کے رابطے میں آنے سے وہ بیمار ہوجائیں گے ، وہ صرف اعتماد چاہتے ہیں۔ تب مہتا نے کہا کہ تیس۔ پینتیس سالہ سبزی فروش بھی اپنی روزی چلاتاہے۔ یہاں کسی ایک طبقے بات نہیں ہے ۔ مہتا نے کہا کہ کل کو صحافی بھی وکلا کی طرح راحت کا مطالبہ کر نے لگیں تب؟۔اس پرچیف جسٹس نے کہا کہ ہم نہیں جانتے کہ کام کرنے کے دوران صحافی کسی کے ساتھ رابطے میں آتے ہیں یا نہیں، لیکن وکلا ضرور رابطے میں آتے ہیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے مرکزی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس معاملے میں بہت اچھا کام کیا ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ یہ ویکسین کچھ پیشہ ور افراد جیسے ڈاکٹروں اور وکلاءکو دستیاب ہو تاکہ وہ اپنی روزی کو چلاسکیں۔ مہتا نے پھر عرض کیا کہ درخواست گزار ہمیں ایک تجویز دیں۔ ہم اسے ماہرین کی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے اور دو دن میں اس کا جواب دے دیں گے۔