نئی دلی۔ 20؍ جنوری
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سرکاری محکموں اور تنظیموں میں نئے بھرتی ہونے والے افراد میں تقریباً 71,000 تقرری نامے تقسیم کئے۔
روزگار میلہ وزیراعظم کے اس عزم کی تکمیل کی طرف ایک قدم ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ توقع ہے کہ روزگار میلہ مزید روزگار پیدا کرنے میں ایک محرک کے طور پر کام کرے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں حصہ داری کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے تقرری یافتگان سے بات چیت بھی کی۔مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی محترمہ سپرابھا بسواس جنہیں پنجاب نیشنل بینک کے لیے اپنا تقرری نامہ ملا، وہ سب سے پہلے وزیر اعظم سے بات چیت کرنے والی فردتھیں۔ انہوں نے تقرری کی رسمی کارروائیوں کو جلد مکمل کرنے اور خدمت کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے ان سے پڑھائی جاری رکھنے کے بارے میں بھی پوچھا۔ اس نے آئی جی او ٹی ماڈیول کے ساتھ اپنی وابستگی کی وضاحت کی اور ماڈیول کے فائدے کی وضاحت کی۔
جناب مودی نے اپنی ملازمت میں ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے لڑکیوں کی جانب سے ہر میدان میں نئی پیش رفت کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔سری نگر، جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسٹر فیصل شوکت شاہ جنہوں نے این آئی ٹی، سری نگر میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر تقرری حاصل کی، نے وزیر اعظم سے بات چیت کی اور بتایا کہ وہ خاندان کے پہلے فرد ہیں جنہوں نے سرکاری ملازمت حاصل کی۔