Urdu News

چرن جیت سنگھ چنی آج وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف اٹھائیں گے، کیپٹن امریندر سنگھ کے شامل ہونے پر تعطل

چرن جیت سنگھ چنی

چنڈی گڑھ: چرن جیت سنگھ چنی آج صبح 11 بجے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ ایسی خبریں ہیں کہ چرن جیت سنگھ چنی کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی حلف لے سکتے ہیں۔ حالاں کہ  ابھی اس کا باضابطہ طور پر اعلان نہیں ہوا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حلف برداری کے بعد چرن جیت سنگھ چنی کانگریس صدر سونیا گاندھی سے بات چیت کے بعد کابینہ سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ پنجاب کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے چرن جیت سنگھ چنی کی حلف برداری تقریب کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی چاہتے ہیں کہ ریاست میں دو نائب وزرائے اعلیٰ ہوں گے۔

چرن جیت سنگھ چنی کی حلف برداری تقریب کی تیاریاں زوروشور سے چل رہی ہیں۔ راہل گاندھی، نوجوت سنگھ سدھو، سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ سمیت کئی لیڈروں کو حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لیے دعوت دی گئی ہے، لیکن سوال اٹھ رہے ہیں کہ امریندر سنگھ، نئے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے؟ پنجاب کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے کہا، ’نئے وزیر اعلیٰ کا نام کل ہی طے ہوگیا تھا۔ پارٹی چرن جیت سنگھ چنی کے نام پر پہلے سے متحد تھی۔

ہماری کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں کیپٹن امریندر سنگھ بھی آئیں، یہ طے انہیں کرنا ہے کہ وہ آرہے ہیں کہ نہیں۔ ہم نے ان سے (کیپٹن امریندر سنگھ) ابھی بات کرنے کی کوشش کی تھی۔ ہم کل صبح بھی ان سے بات چیت کریں گے۔ ہمارے اراکین اسمبلی چاہتے ہیں کہ ریاست میں دو نائب وزرائے اعلیٰ ہوں۔ کچھ ناموں پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ہم دو نائب وزرائے اعلیٰ کے نام جلد بتائیں گے‘۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے دے دیا تھا استعفیٰ

واضح رہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ دن بے عزت کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں تجاویز منظور کی گئی، جس میں کانگریس اعلیٰ کمان کو نئے وزیر اعلیٰ پر فیصلہ لینے کا اختیار دے دیا گیا تھا۔ پارٹی اعلیٰ کمان نے پنجاب کی سیاست کے لئے اہم فیصلہ لیتے ہوئے چرن جیت سنگھ چنی کو نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا۔
حالاں کہ کانگریس کے ایک لیڈر نے امریندر سنگھ کے جانشیں کے لیے سدھو کو منتخب کئے جانے کے امکان کو خارج کرنے کو لے کر آگاہ کیا تھا۔ نیوز 18 سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے ایک لیڈر نے نام نہ چھاپنے کی شرط پر کہا تھا کہ اگر نوجوت سنگھ سدھو فوراً وزیر اعلی نہیں بنتے ہیں تو وہ اگلے سال ہونے والے الیکشن سے پہلے پی سی سی کے سربراہ کے طور پر کام کرنا جاری رکھیں گے۔ سدھو کے قریبی لیڈر نے بتایا کہ اب یہ واضح ہے کہ باس کون ہوگا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کون ہے۔ سابق کرکٹر سدھو کو ہی ’مین آف دی میچ‘ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

راہل گاندھی نے چرنجیت چنی کو دی مبارکباد

کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے سینئر لیڈر چرنجیت سنگھ چنی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ چرنجیت سنگھ چنی جی کو نئی ذمہ داری کے لیے مبارکباد۔ پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو ہمیں ہرحال میں پورا کرنا چاہیے۔ ان کا بھروسہ سب سے اہم ہے۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ کانگریس نے نئی تاریخ رقم کی۔ ایک دلت ساتھی، سردار چرنجیت چنی پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنایا۔ ہرغریب ساتھی اور کارکن کو بنایا طاقتور۔ تاریخ گواہ ہے کہ آج کا یہ فیصلہ پنجاب اورملک کے ہر محروم اور پسماندہ ساتھی کے لیے امید کی ایک نئی کرن بنے گا اور نئے دروازے کھولے گا‘۔

Recommended