وزیراعلی نتیش کمار نے گورنر سے ملاقات کے لئے مانگا وقت
پٹنہ، 9 اگست (ہ س)۔ بہار سے بڑی خبر آ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے گورنر فاگو چوہان سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے۔ حالانکہ گورنر سکریٹریٹ نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ادھر خبر ہے کہ گورنر فاگو چوہان دہلی سے پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔
بہار کی سابق وزیراعلی رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر منعقدہ مہاگٹھ بندھن کی میٹنگ ختم ہوگئی ہے۔ اس میٹنگ کے دوران عظیم اتحاد میں شامل کانگریس پارٹی اور بائیں بازو جماعت نے آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کو اپنی حمایت دینے سے متعلق دستاویز پیش کئے۔ اطلاعات کے مطابق جے ڈی یو کی ایک اور اہم میٹنگ کچھ دیر بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار کی سرکاری رہائش گاہ پر شروع ہوگی جس میں تمام ارکان پارلیمان و اسمبلی کے علاوہ ایم ایل سی شرکت کریں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ آر سی پی سنگھ کے استعفیٰ کے بعد وزیراعلیٰ اپنی پارٹی کے لیڈروں سے رائے لیں گے۔ اس کے ساتھ آگے کی حکمت عملی طے کریں گے۔
پیر کے روز راجدھانی پٹنہ میں پارٹی کے ایم ایل اے اور ایم پی کی میٹنگ کو لے کر سیاسی ہلچل کا دور جاری رہا۔ وہیں بی جے پی کیمپ میں ہلچل مچ گئی۔ بی جے پی کی جانب سے نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد کی رہائش گاہ پر دیرشام تک میٹنگ ہوئی، جب کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت بھی پورا دن اس مسئلے کو حل کرنے میں لگی ہے۔
بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے درمیان اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے آج پٹنہ میں آر جے ڈی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ بلائی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیجسوی جے ڈی یو کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے اپنے ایم ایل اے کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ تیجسوی نتیش کی قیادت میں حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں، لیکن ان کے کئی ارکان اسمبلی اور لالو خاندان کے بہت سے لوگ نتیش کمار کو وزیراعلیٰ کے طور پر قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق آر جے ڈی اور رابڑی دیوی تیجسوی یادو کے لیے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چاہتے ہیں۔ اس صورتحال میں نتیش کمار کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اگر آر جے ڈی نہیں مانتی ہے تو بہار میں وسط مدتی انتخابات کا آپشن موجود ہے۔ حالانکہ اس کا امکان بہت کم ہے کیونکہ اس معاملے پر بحث کے لیے آر جے ڈی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ تیجسوی نتیش کی قیادت میں حکومت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ اب وہ اس کے لیے اپنے ایم ایل اے کو منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔