انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) نے تمل ناڈو میں منداپم کے مقام پر تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے دو ٹن سمندری کھیرا ضبط کیا۔ یہ سمندری کھیرا ایک ممنوعہ سمندری قسم ہے۔ 19 ستمبر کو صبح سویرے سمندری کھیرے کی غیر قانونی نقل وحمل کے بارے میں ایک خفیہ اطلاع ملنے پر، کوسٹ گارڈ کی ٹیم نے فوراً تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے اس مشتبہ کشتی کو جس میں ممنوعہ سمندری کھیرے کی اسمگلنگ کا امکان تھا، پتہ لگا لیا۔ کوسٹ گارڈ کی ٹیموں کو خلیج منّار اور پاکبے علاقوں میں مؤثر طور پر ناکہ بندی کرنے کی غرض سے تعینات کردیا گیا تاکہ مشتبہ افراد سمندری راستے سے فرار نہ ہوسکیں۔
بعد ازاں وہ مشتبہ کشتی اتوار کو صبح ساڑھے دس بجے منداپم کے جنوب میں ویدالائی سے لگ بھگ 15 کلو میٹر دور اپنےعملے کے ارکان کے بغیر لنگر انداز ملی اور پھر کوسٹ گارڈ کی ٹیم اس کشتی کے اوپر پہنچ گئی۔ انڈین کوسٹ گارڈ کی ہیوور کرافٹ ایچ – 183 ٹیم نے اس کشتی سے دو ہزار کلو گرام وزن کے سمندری کھیرے کی دو سو بوریاں بر آمد کیں۔ اس کشتی کو ضبط شدہ سمندری کھیرے کے ساتھ تمل ناڈو میں رامیشورم کے نزدیک منداپم لے جایا گیا اور جنگلات سے متعلق عہدیداروں کے سپرد کردیا گیا۔
پوچھ تاچھ کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کھیپ کو رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سمندری حدود کے پار پہنچائے جانے کا منصوبہ تھا۔ چین اور جنوب مشرقی ایشیاء میں سمندری کھیرے کی بہت مانگ ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جولائی کے شروع میں، کوسٹ گارڈ کی ٹیم نے منداپم کے مقام سے تقریباً 1200 کلو گرام سمندری کھیرا ضبط کیا تھا اور دو افراد کو حراست میں لیا تھا۔
بھارت میں سمندری کھیرے کو ایک نایاب قسم میں شمار کیا جاتا ہے، جسے جنگلاتی حیات کے تحفظ سے متعلق قانون مجریہ 1972 کے شیڈول – 1 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ یہ بنیادی طور پر تمل ناڈو میں راما ناتھاپورم اور ٹیوٹی کورین اضلاع سے ماہی گیری کی کشتیوں کے ذریعہ سری لنکا کو اسمگل کی جاتا ہے۔