صنعت کار مکیش امبانی کے بنگلے پرکمانڈو تعینات ، ممبئی میں الرٹ
ممبئی ، 26 فروری (انڈیا نیرٹیو)
صنعت کار مکیش امبانی کے بنگلے کے قریب ایک مشکوک کار میں دھماکہ خیزمواد اور دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد ممبئی میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس نے جنوبی ممبئی میں کارمائیکل روڈ کو سیل کردیا اور مکیش امبانی کے بنگلے انٹیلیا کے سامنے کمانڈوز تعینات کردیئے۔ ممبئی پولیس اس معاملے کی پوری تحقیقات کررہی ہے۔
وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے بتایا کہ جمعرات کو انیل امبانی کے بنگلے کے قریب کھڑی اسکارپیو کار میں 20 جلیٹن کی سلاخیں ملی ہیں۔اس لیے، اس معاملے کی تفتیش ممبئی کرائم برانچ پولیس کے حوالے کردی گئی ہے۔ ممبئی میں سیکورٹی کے نظام کو مضبوط کیا گیا ہے۔ مکیش امبانی کے بنگلے کے باہر کمانڈوز تعینات کردیئے گئے ہیں۔
ممبئی پولیس کے ترجمان ایس چیتنیا کے مطابق ، مکیش امبانی کے بنگلے کے قریب بارود سے بھری کار کو پولیس نے جمعرات کے روز برآمد کیا۔ کار میں پائے گئے 20 جلیٹن سلاخوں کو آپس میں جوڑا نہیں گیا تھا۔ اس کارکا نمبر مکیش امبانی کی سیکورٹی میں لگائی گئی کار کی رح ہے۔
اس کے ساتھ ہی گاڑی سے دھمکی آمیز خطوط اور بہت سارے نمبر پلیٹس برآمد ہوئے ہیں۔ اس لیے ، پولیس نے مکیش امبانی کے بنگلے کی سیکورٹی بڑھا دی ہے اور کارمائیکل روڈ کو بھی سیل کردیا ہے۔ اس معاملے کی شدید تفتیش جاری ہے۔