Urdu News

مہینہ کے پہلے دن کمرشیل گیس سلنڈر 102.50 روپے مہنگا

مہینہ کے پہلے دن کمرشیل گیس سلنڈر 102.50 روپے مہنگا

نئی دہلی، یکم مئی (انڈیا نیرٹیو)

روس یوکرین جنگ کے ہمہ گیر اثرات مقامی مارکیٹ میں نظر آنے لگے ہیں۔ رواں ماہ کے پہلے روز کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ پبلک سیکٹر آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 102 روپے 50 پیسے کا اضافہ کر دیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار یکم مئی سے ہو گیا ہے۔

انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق دارالحکومت دہلی میں 19 کلو کمرشیل گیس کی قیمت بڑھ کر 2355.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے جو اب تک صارفین کو 2253 روپے میں مل رہی تھی۔ ساتھ ہی 5 کلو کا ایل پی جی گیس سلنڈر 655 روپے میں دستیاب ہے۔ تاہم گھریلو ایل پی جی گیس کی قیمت میں فی الحال کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد اب کولکاتہ میں 19 کلو کا کمرشیل گیس سلنڈر 2454 روپے کا ہو گیا ہے جو 2351.50 روپے میں دستیاب تھا۔ اس کے ساتھ ہی ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں اب کمرشیل گیس سلنڈر 2307.50 روپے میں ملے گا، جو پچھلے مہینے تک 2205 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ اسی طرح چنئی میں اس سلنڈر کی قیمت اب 2508.5 روپے ہو گئی ہے، اب تک یہ 2406 روپے میں مل رہی تھی۔

Recommended