نئی دہلی، یکم ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
مہنگائی کی چوطرفہ مار جھیل رہے لوگوں کو راحت دینے والی خبر ہے۔ پبلک سیکٹر آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشیل گیس کی قیمت میں 100 روپے فی سلینڈر تک کی کمی کر دی ہے۔ کمرشیل گیس سلینڈر کی قیمت میں کمی کا اطلاق جمعرات سے ہو گیا ہے۔
انڈین آئل کے مطابق، دہلی میں کمرشیل ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 91.50 روپے، کولکاتا میں 100 روپے، ممبئی میں 92.50 روپے اور چنئی میں 96 روپے فی سلینڈر کی کمی کی گئی ہے۔ تاہم گھریلو گیس سلینڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اس کٹوتی کے بعد دہلی میں، 19 کلو والاکمرشیل ایل پی جی سلینڈر اب 1885 روپے میں ملے گا، جب کہ پہلے اس کی قیمت 1976.50 روپے فی سلینڈر تھی۔
کولکاتا میں یہ سلینڈر اب 1995.50 روپے میں ملے گا جب کہ پہلے یہ 2095.50 روپے میں مل رہا تھا۔ اسی طرح ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں کمرشیل ایل پی جی سلینڈر کی قیمت اب 1844 روپے اور چنئی میں 2045 روپے رہ گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کمرشیل ایل پی جی گیس سلینڈر کی قیمت میں لگاتار چوتھے مہینے کمی کی گئی ہے۔ دراصل یہ 19 کلو کا سلینڈر حلوائی، ہوٹل اور تاجر استعمال کرتے ہیں۔
اس سے آنے والے دنوں میں باہر کھانے پینے کی اشیاسستی ہونے کی امید کی جا سکتی ہے، لیکن گھروں میں استعمال ہونے والی 14.2 کلو گیس کی قیمت دہلی میں 1053 روپے، کولکاتا میں 1079 روپے، ممبئی میں 1052.5 روپے اور چنئی میں 1068.5 روپے فی سلینڈر ہے۔