ادئے پور،13مئی (انڈیا نیرٹیو)
ادئے پور میں جمعہ کو شروع ہورہے کانگریس کے تین روزہ نو سنکلپ شیور کے لئے راہل گاندھی صبح ادئے پور پہنچے۔ وہ ٹرین سے ادئے پور آئے۔ اسٹیشن پہنچنے پر راہل گاندھی کا لوگوں نے شاندار استقبال کیا۔راہل گاندھی کے اْدے پور پہنچنے پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹوئٹر پر لکھا، ”راہل گاندھی کا خیرمقدم ہے۔ اسٹیشن پر ہزاروں لوگ آئے۔ شاندار استقبال ہو رہا ہے، لوگوں میں جوش نظر آ رہا ہے۔“راہل گاندھی نے بھی سبھی کے خیر مقدم کو قبول کرتے ہوئے کانگریس عہدیداروں کے ساتھ بس میں ہی سوار ہوگئے، جبکہ ان کے لئے الگ سے گاڑی کا انتظام کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت بھی ان کے ساتھ بس میں آگے کی سیٹوں پر بیٹھے
دریں اثنا، کانگریس کارکنان جمعہ کی صبح سے ہی ادے پور سٹی ریلوے اسٹیشن پر راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور کانگریس کی حمایت میں نعرے لگاتے رہے۔ بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن کے باہر پارٹی کا جھنڈا لہراتے ہوئے نعرے لگائے۔ خواتین کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ این ایس یو آئی کے نوجوان کارکنوں نے بھی گرمجوشی کا مظاہرہ کیا۔جمعہ کی صبح ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ لوک فنکاروں کو اسٹیشن پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے استقبال کے لیے میواری انداز میں لوک رقص کرتے دیکھا گیا۔
یہاں پرینکا گاندھی بھی جمعہ کی صبح ادے پور پہنچ گئیں۔ وہ ہوائی جہاز سے ادے پور پہنچی۔ وہ مہارانا پرتاپ ہوائی اڈے سے سیدھے کیمپ سائٹ کے لیے روانہ ہوگئیں۔ ہوائی اڈے پر کانگریس کے کئی عہدیدار اور کارکنان ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔