Urdu News

کانگریس نے ایمرجنسی نافذ کرکے جمہوریت کو کچل دیا تھا: مودی

@PMO India

کانگریس نے ایمرجنسی نافذ کرکے جمہوریت کو کچل دیا تھا: مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایمرجنسی کے دوران ہندوستانی جمہوریت کی حفاظت کرنے والے ان سبھی ہم وطنوں کو یاد کرتے ہوئے آج کہا کہ کانگریس نے ایمرجنسی لگاکر ہندستانی جمہوریت کو کچل دیا تھا۔

مسٹر مودی نے جمعہ کو ٹویٹ کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ’’کانگریس نے ہماری جمہوریت کو کچل دیا تھا ۔ ہم اب تمام عظیم ہستیوں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ایمرجنسی کی مخالفت کی اور ہندوستانی جمہوریت کا تحفظ کیا ۔ ایمرجنسی کے تاریک ایام کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ سال 1975 سے 1977 تک کا عرصہ اس بات کا گواہ ہے کہ کس طرح سے اداروں کو مسمار کیا گیا‘‘۔

ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا ’’ آئیے ہم ہندوستان کی جمہوریت کے جذبے کو مستحکم بنانے کےلیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم کریں اور ہمارے آئین میں مضمر وصف کو اپنی زندگی میں شامل کریں‘‘۔

ایمرجنسی جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ باب: راج ناتھ

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 1975 میں ملک میں لگائی گئی ایمرجنسی کو ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دور ابھی بھی لوگوں کی یادوں میں تازہ ہے۔

مسٹر سنگھ نے جمعہ کو ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ’’ہندستانی جمہوریت کی تاریخ میں ایمرجنسی کو ایک ’سیاہ باب‘ کے طور پرسمجھا جاتا ہے۔ ملک کی جمہوری روایات پر حملہ کرنے کے لئے جس طرح آئین کا غلط استعمال کیا گیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ آج بھی وہ دور ہم سبھی کی یادوں میں تازہ ہے‘‘۔

ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے کہا ’’اس دوران جمہوریت کے تحفظ کے لیے ملک میں آندولن بھی ہوئے اور لوگوں کو نہ جانے کتنی اذیتیں جھیلنی پڑیں۔ ہم آج بھی ان کی قربانی ، ہمت اور جدوجہد کو یاد کرتے ہیں اور ترغیب حاصل کرتے ہیں۔جمہوریت کے تحفظ کے لیے جن لوگوں کا بھی کردار رہا ہے میں ان افراد کو بصد احترام اور مبارک باد پیش کرتا ہوں‘‘۔

Recommended