Urdu News

طوفان تاوتے کا قہر جاری، مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ

طوفان تاوتے کا قہر جاری

توکتے طوفان نے خوفناک شکل اختیار کی ، کرناٹک میں چار کی موت 

ممبئی میں 580 کورونا مریضوں کو بی ایم سی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا

گوا میں تیز ہواؤں نے سیکڑوں بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیئے ، سپلائی متاثر 

بحیرہ عرب سے اٹھنے والا گردابی طوفان شدید تباہی کی وجہ سے گجرات کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ گجرات کے ساتھ ساتھ مرکزی خطوں 'دمن دیپ اور دادرا اور نگر حویلی' میں بھی تباہی مچا سکتا ہے۔ طوفان کی وجہ سے مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے ، جبکہ کیرالہ اور تمل ناڈو میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ بارش اور تیز ہواوں کے سبب کرناٹک کے ساحلی علاقوں سے لے کر گوا تک بڑے نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ کرناٹک میں بارش سے متعلقہ حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اتوار کے روز صبح 11.30 بجے ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹرا اور گوا کے وزرائے اعلیٰ اور د من و دیپ اور دادر اور نگر حویلی کے مرکزی خطوں کے منتظمین سے آن لائن ملاقات کے بعد تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کابینہ کے سکریٹری راجیو گوبہ تمام ساحلی ریاستوں کے چیف سکریٹریوں ، متعلقہ مرکزی وزارتوں اور ایجنسیوں سے بھی مستقل رابطے میں ہیں۔ وزارت داخلہ اس صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہی ہے اور ریاستی حکومتوں اور متعلقہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

کابینہ کے سکریٹری گو با نے بحرانوں کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں متعلقہ ریاستوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے لوگوں کو قدرتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان سے بچنے کے لئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کو کہا۔ اس میٹنگ میں تمل ناڈو ، کیرالہ ، گوا ، کرناٹک ، مہاراشٹر ، گجرات کے چیف سکریٹریوں ، مرکزی خطوں لکشدیپ اور دمن دیپ اور دادرا نگر حویلی کے ایڈمنسٹریٹرس کے صلاح کار اور متعلقہ مرکزی وزارت کے سکریٹریوں نے شرکت کی۔

راجیو گوبا نے کہا کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پہلی ترجیح ہونی چاہئے تاکہ طوفان سے کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔ اس کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری خدمات مثلا بجلی ، پانی ، مواصلات وغیرہ سے متعلق نقصانات سے بچنے اور انہیں جلد بحال کرنے کی ہدایت دی گئی۔ این ڈی آر ایف نے متاثرہ ریاستوں میں 72 ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ اس کے علاوہ امدادی اور راحت کے کاموں کے لئے 22 ٹیمیں تعینات ہیں۔ فضائیہ ، بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی ٹیمیں اور جہاز اور ہیلی کاپٹر بھی مدد فراہم کررہے ہیں۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق ، طوفان کے شمال مغرب میں منتقل ہونے اور پیر کی شام تک گجرات کے ساحل تک پہنچنے کی امید ہے۔ یہ منگل کی شام کے اوقات میں گجرات کے ساحلی اضلاع – پوربندر ، بھاون نگر ، امریلی اور جوناگڑھ سے ٹکرائے گا۔ منگل (18)مئی تک توقع ہے کہ ہوا کی رفتار بڑھ کر 150-160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی ، جبکہ اس دوران ہوا کی رفتار کچھ وقت کے لئے 165 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی عبور کرسکتی ہے۔ جنوبی مہاراشٹر اور گوا اور اس کے ملحقہ کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ میں مختلف ہوسکتی ہے۔ مہاراشٹرا کے ساحل سے پیر سے منگل کی صبح تک ہوا کی رفتار 65-85 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔ جوناگڑھ کے ساحلی علاقوں میں تین میٹر اونچی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔

مہاراشٹر میں بارش نہیں ، تیز ہواوں کے باعث نقصان کا خدشہ 

توکتے کے مد نظر ممبئی شہر کے نشیبی علاقوں میںواقع مختلف اسپتالوں سے، 580 کورونا مریضوں کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں باندرا۔کورلا کمپلیکس کووڈ کیئر سنٹر کے 243 ، داہیسر کے 183 اور ملنڈ سے 154 کورونا مریض شامل ہیں۔ توکتے سے بچاکے لیے بی ایم سی نے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ شہر میں تمام 6 چوپاٹیوں پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں تعینات کردی گئیں ہیں۔ سیکورٹی کی وجہ سے باندرہ – ورلی سی لنک روڈ کو بند کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا ، بی ایم سی کے میئر کشوری پیڈنیکر نے طوفان سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے بی ایم سی ڈیزاسٹر کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو طوفان سے پوری طرح تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ بی ایم سی نے ممبئی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکان کو دیکھتے ہوئے پمپ کا انتظام کیا ہے۔ نیز ، سمندر کے کنارے علاقوں میں ماہی گیروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سمندر میں داخل نہ ہوں۔ علاقائی موسمیاتی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جینت سرکار کے مطابق اتوار اور پیر کو ممبئی میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ منگل کو ہلکی ہلکی بارش ہوگی۔ آج اور کل ممبئی میں 60-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بارش کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوگا لیکن تیز ہواوں سے نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

گوا میں بجلی کی فراہمی تعطل

اتوار کے روز گوا کے متعدد علاقوں میں تیز ہواوں اور تیز بارش ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے ، سیکڑوں بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور بہت سے علاقوں میں بجلی کی فراہمی رک گئی ہے۔ تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ وزیر توانائی این کیبرال کے مطابق تیز ہواوں کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سمندری طوفان سے بھاری نقصان کی اطلاع ہے۔

کرناٹک میں موسلا دھار بارش سے 77 دیہات متاثر

ہفتے کے روز کیرالہ میں شدید بارش کے آغاز کے بعد ، کرناٹک کے ساحلی علاقوں سے گوا تک بارش اور تیز ہواؤں نے زبردست تباہی مچا دی ہے۔ کرناٹک میں شدید بارش کے بعد مختلف حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاست کے 77 سے زیادہ دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپا نے ضلع کے انچارج وزراء اور ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ ساحلی علاقوں میں تباہی کے امکان کے پیش نظر متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں اور امدادی اور راحت سرگرمیاں شروع کریں۔ وزیر اعلیٰ آفس کے مطابق ، وزیر اعلیٰ یدیورپا نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اگر انہیں ریاستی حکومت کی طرف سے کسی ہنگامی امداد کی ضرورت ہو تو وہ متعلقہ وزراء کو یا ان سے ملاقات کریں۔

Recommended