سکھجیندر رندھاوا اور او پی سونی نے لیا نائب وزرائے اعلیٰ کا حلف
چنڈی گڑھ ، 20 ستمبر
پنجاب میں پہلی بار دلت چہرہ چرنجیت سنگھ چنی (58) جو پنجاب کی سبکدوش کیپٹن امریندر حکومت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹریل ٹریننگ کے وزیر تھے ، آج ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب پنجاب راج بھون میں صبح تقریباً 11 بجے رکھی گئی جہاں گورنر بنواری لال پروہت نے مسٹر چنی کو اپنے عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی امور کے انچارج ہریش راوت ، پارٹی کے مرکزی مبصر اجے ماکن اور ہریش چودھری اور سمیت پارٹی کے ایم ایل اے اور دیگر سینئر لیڈرز اور سرکردہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔حلف تقریب کے فوراً بعد کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی بھی پہنچ گئے۔
واضح ہو کہ راہل گاندھی کے بارے میں خبر تھی کہ وہ حلف برداری تقریب میں حصہ لیں گے لیکن مسٹر کاندھی کچھ تاخیر سے پہنچے، راہل گاندھی کی اب کوشش ہوگی کہ پنجاب میں کانگریس پارٹی خوش دلی سے کام کرے اور آپسی تنازعات کو ختم کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کے لیے اہم فیصلے لیے جائیں، اب پنجاب کی حکومت دل چسپ ہوگی کیوں کہ سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے حلف برداری تقریب میں حصہ نہیں لیا، ظاہر ہے کہ ان کی ناراضگی اب بھی برقرار ہے۔ سکھجیندر رندھاوا جو کہ کیپٹن کے سب سے مخالف سمجھے جاتے ہیں ، انہوں نے بھی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔
واضح رہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے گزشتہ دن بے عزت کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں تجاویز منظور کی گئی، جس میں کانگریس اعلیٰ کمان کو نئے وزیر اعلیٰ پر فیصلہ لینے کا اختیار دے دیا گیا تھا۔ پارٹی اعلیٰ کمان نے پنجاب کی سیاست کے لئے اہم فیصلہ لیتے ہوئے چرن جیت سنگھ چنی کو نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا۔
حالاں کہ کانگریس کے ایک لیڈر نے امریندر سنگھ کے جانشیں کے لیے سدھو کو منتخب کئے جانے کے امکان کو خارج کرنے کو لے کر آگاہ کیا تھا۔ کانگریس کے ایک لیڈر نے نام نہ چھاپنے کی شرط پر کہا تھا کہ اگر نوجوت سنگھ سدھو فوراً وزیر اعلیٰ نہیں بنتے ہیں تو وہ اگلے سال ہونے والے الیکشن سے پہلے پی سی سی کے سربراہ کے طور پر کام کرنا جاری رکھیں گے۔ سدھو کے قریبی لیڈر نے بتایا کہ اب یہ واضح ہے کہ باس کون ہوگا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کون ہے۔ سابق کرکٹر سدھو کو ہی ’مین آف دی میچ‘ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے دی تھی چرنجیت چنی کو دی مبارک باد
کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے سینئر لیڈر چرنجیت سنگھ چنی کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے پر مبارک باد دی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ چرنجیت سنگھ چنی جی کو نئی ذمہ داری کے لیے مبارکباد۔ پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو ہمیں ہرحال میں پورا کرنا چاہیے۔ ان کا بھروسہ سب سے اہم ہے۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی انہیں مبارک باد دی اور کہا کہ کانگریس نے نئی تاریخ رقم کی۔ ایک دلت ساتھی، سردار چرنجیت چنی پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنایا۔ ہرغریب ساتھی اور کارکن کو بنایا طاقتور۔ تاریخ گواہ ہے کہ آج کا یہ فیصلہ پنجاب اورملک کے ہر محروم اور پسماندہ ساتھی کے لیے امید کی ایک نئی کرن بنے گا اور نئے دروازے کھولے گا‘۔