Urdu News

مصر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 25 جنوری (انڈیا نیریٹو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ ہندوستان اور مصر نے اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت کو 12 بلین امریکی ڈالر تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مصر کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ بات چیت کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ان کے وفد کا ہندوستان میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ صدر سی سی کل ہمارے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ مصری فوجی دستہ بھی پریڈ میں حصہ لے گا۔ یہ پورے ہندوستان کے لیے فخر اور خوشی کی بات ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہمارے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور مصر دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ہیں۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ہزاروں سال پرانے تعلقات ہیں۔ چار ہزار سال پہلے مصر کے ساتھ تجارت گجرات کی لوتھل بندرگاہ کے ذریعے ہوتی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہمارے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں۔ اس سال ہندوستان نے اپنی جی-20 صدارت کے دوران مصر کو مہمان ملک کے طور پر مدعو کیا ہے، جو ہماری خصوصی دوستی کو ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں اپنے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 12 بلین امریکی ڈالر تک لے جائیں گے۔ ہم نے مصر کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستان-مصر اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت، ہم سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور سائنسی شعبوں میں مزید جامع تعاون کے لیے ایک طویل مدتی فریم ورک تیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں ہم نے اپنی دفاعی صنعتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے، اور انسداد دہشت گردی سے متعلق معلومات اور انٹیلی جنس کے تبادلے کو بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور مصر کو دہشت گردی پر تشویش ہے۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔

Recommended