راجناتھ سنگھ نے 71 کی جنگ کو ہندوستانی فوجی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا
بھارتی افواج آج کادن 'وجے دیوس' کے طور پر منا رہی ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں سورنم وجے ورش کے موقع پر نیشنل وار میموریل پر ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ انہوں نے 'گولڈن وجے دیوس' کے موقع پر پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ کے دوران مسلح افواج کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو یاد کیا۔ اپنے کئی ٹویٹ پیغامات میں وزیر دفاع نے 1971 کی جنگ کو ہندوستان کی فوجی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔
انہوں نے 1971 کی جنگ کی کچھ پرانی اور اہم تصاویر بھی شیئر کیں جن میں ہتھیار ڈالنے کے وقت تیار کی گئی دستاویز کی تصویر بھی شامل ہے۔ 1971 کی جنگ میں ہندوستان کی فتح کے 50 سال مکمل ہونے کی یاد میں سورنم وجے ورش منایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد جنگ لڑنے والے سابق فوجیوں کے تئیں احترام کا اظہارکرنے کے علاوہ لوگوں میں بالعموم اور مسلح افواج میں بالخصوص ہم آہنگی، قوم پرستی اور فخر کا پیغام پھیلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'سورنم وجے دیوس' کے موقع پر ہم 1971 کی جنگ کے دوران اپنی مسلح افواج کی ہمت اور قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ 1971 کی جنگ ہندوستان کی فوجی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ ہمیں اپنی مسلح افواج اور ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔