Urdu News

گیانواپی کیمپس کی سروے رپورٹ کا ویڈیو لیک، مدعا علیہ ناراض

گیانواپی کیمپس کی سروے رپورٹ کا ویڈیو لیک

گیانواپی۔ شرینگار گوری تنازعہ سے متعلق سروے رپورٹ کی اہم تصاویر اور ویڈیوز لیک ہو گئی ہیں۔ یہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ویڈیو میں شیولنگ جیسی گول شکل سمیت کئی علامتیں نظر آ رہی ہیں۔ اس کا ذکر کورٹ کمشنر نے اپنی سروے رپورٹ میں کیا ہے۔

ویڈیو میں مسجد کی دیواروں پر تقریباً ایک درجن مقامات پر ترشول کے علاوہ پھول بھی نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں میونسپل کارپوریشن کے کچھ ملازمین وردی میں وضو خانہ سے پانی نکالتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پانی نکالنے کے بعد سیاہ پتھر سے بنی وہ چیز ابھرتی ہے، جس کے بارے میں شیولنگ ہونے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔

پیر کی دیر رات سے وائرل ہوتے ویڈیو کو دیکھ کر مدعا علیہ کے وکلاء  نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سروے کی ویڈیو کو لیک کرنا عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔ مدعی نے کہا ہے کہ ضلع عدالت سے ملنے والے لفافے سیل بند ہیں۔ ایسے میں ویڈیو کا لیک ہونا ایک بڑا سوال ہے۔ وہ آج عدالت جائیں گے اور چاروں لفافے عدالت کے حوالے کردیں گے۔ 

قابل ذکر ہے کہ مدعی خواتین سیتا ساہو، منجو ویاس، ریکھا پاٹھک اور لکشمی دیوی نے سروے سے متعلق فوٹو-ویڈیو کی سی ڈی ضلع عدالت سے پیر کی شام سیل بند لفافے میں حاصل کی تھی۔ مدعی نے کہا تھا کہ وہ سروے سے متعلق فوٹو وڈیوز کو پبلک نہیں کریں گے۔ فوٹو-ویڈیو صرف ٹرائل کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ویڈیو کے لیک ہونے کے بعد مدعی نے شام کو میڈیا کو بتایا کہ گیانواپی سروے کی فوٹو۔ ویڈیو کسی سازش کے تحت وائرل کی گئی ہے۔ ہمارے چاروں لفافے ابھی تک بند ہیں اور انہیں کھولا نہیں گیا ہے۔ ہم اس معاملے کی عدالت میں شکایت کریں گے اور اپنے لفافے واپس کر دیں گے۔

مدعی کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ وشنو جین نے کہا  بھگوان  ہی جانے کہ عدالتی کمیشن کی کارروائی کی ویڈیو کیسے لیک ہوئی جب میں نے اسے کئی چینلوں پر دیکھا تو میں حیران رہ گیا۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ تمام لفافے منگل کو عدالت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

Recommended