Urdu News

وزیر دفاع نے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں بحری سلامتی سے متعلق تیاریوں پر زور دیا

وزیر دفاع نے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں بحری سلامتی سے متعلق تیاریوں پر زور دیا

آئی سی جی کی ساحلی حفاظت کی وجہ سے سمندری راستے سے ممبئی دہشت گردانہ حملہ دوبارہ نہیں ہوسکا

بحرہند کے خطے کی سمندری راستوں کی سلامتی بھارت کے اقتصادی مفادات سے براہ راست منسلک

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی بحری سلامتی کی ضروریات بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کی وجہ سے بدل گئی ہیں۔ بحری تیاریوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں قومی مفادات کے تحفظ کے لئے بحری تیاری ناگزیر ہے۔ اس سے ہی ملک کے اقتصادی مفادات کا تحفظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں آئی سی جی نے ساحلی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسی وجہ سے سمندری راستے سے دہشت گردی کی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر کو نئی دہلی میں انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) کی تین روزہ 39ویں کمانڈر کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر دفاع نے آئی سی جی کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ اس کی بے مثال کارکردگی نے اسے دنیا کے بہترین اور سب سے بڑے کوسٹ گارڈ میں سے ایک بنا دیا ہے۔ 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کو یاد کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ طویل عرصے سے ملک کی ساحلی سلامتی پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ کوسٹ گارڈ نے ساحلی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کوششوں کی وجہ سے ممبئی حملوں کے بعد سے ملک میں سمندری راستے سے دہشت گردی کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور اسٹریٹجک مفادات کے ٹکراؤ نے روایتی سیکورٹی چیلنج کو جنم دیا ہے۔ دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور بحری قزاقی کچھ ایسے غیر روایتی چیلنج ہیں جن کا آج ہمیں سامنا ہے، جو پورے خطے کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایک ذمہ دار بحری طاقت کے طور پر، ہندوستان اصولوں پر مبنی، پرامن اور مستحکم ماحول پیدا کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جو علاقائی اور عالمی خوشحالی دونوں کے لئے ضروری ہے۔ ایسی صورتحال میں آئی سی جی کا بہت بڑا کردار ہے۔

بحر ہند کا خطہ دنیا کے دو تہائی سے زیادہ تیل کی ترسیل کا مرکز ہے۔  ان سمندری راستوں کی حفاظت نہ صرف ہمارے اقتصادی مفادات سے براہ راست جڑی ہوئی ہے بلکہ ہندوستان کو آئی او آر میں ایک مضبوط شراکت دار بناتی ہے۔

Recommended